جی ایس ٹی بل پر بہار قانون سازیہ کی مہر

پٹنہ 24 اپریل (اسٹاف رپورٹر): پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے پاس جی ایس ٹی بل پر سوموار کو بہار قانون سازیہ نے بھی اپنی مہر لگادی۔ اس بل کی منظوری کیلئے قانون سازیہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں پہلے بہار اسمبلی نے اور پھر بہار قانون ساز کونسل نے اسے اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ بل کی منظوری کے بعد اپوزیشن پریم کمار نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو مبارکباد پیش کی۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی نے بھی وزیراعلیٰ نتیش کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہار دوسری ریاست ہے جس نے اس بل کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم کو بھی جی ایس ٹی میں شامل کیا جانا چاہئے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو حکومت بہار کو اس کی حمایت کرنی چاہئے۔ کانگریس کے سینئر رہنما سدا نند سنگھ نے کہا کہ جی ایس ٹی بل یوپی اے حکومت کے وقت ہی آیا تھا جسے پاس کرنے میں مرکز کی این ڈی اے حکومت نے کافی وقت لگا لیا۔ جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ اگر یہ بل پہلے ہی پاس ہوگیا ہوتا تو عوام کو کافی فائدہ ہوتا۔ بہار کے وزیر کمرشیل ٹیکس وجندر پرساد یادو نے کہا کہ جب ملک کوفائدہ ہوگا تو بہار کو بھی فائدہ ہوگا۔ جی ایس ٹی بل کے پاس ہونے کے بعد بہار ٹیکسیشن ضابطہ ترمیمی بل 2017کو بھی ایوان نے منظوری دے دی۔ ملک میں یکم جولائی 2017 سے جی ایس ٹی نافذ کرنے کا پروگرام ہے۔ اس کیلئے کم سے کم 15 ریاستوں کی بل کو حمایت ضروری ہے۔ اسی سلسلے میں بہار قانون سازیہ نے آج بل کو منظوری دی ہے۔ خصوصی اجلاس کے دوران پانچ دیگر بلوں کو بھی منظوری دی گئی۔