سپرجائنٹس کو اس کے گھر میں چیلنج کریں گے گمبھیر

پونے ، 25 اپریل (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ میں کمال کی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی کولکاتا نائٹ رائڈرس بدھ کو یہاں رائزنگ پونے سپرجائنٹس کو اسی کے گھر میں شکست دے کر اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے مقصد سے اترے گی۔دو بار کی چمپئن کے کے آر نے اپنے گزشتہ مقابلے میں زبردست کھیل دکھاتے ہوئے وراٹ کوہلی کی اسٹار کھلاڑیوں سے لیس رائل چیلنجرز بنگلور کو 82 رنوں کے فرق سے ہرایا تھا تو وہیں پونے نے بھی اپنا گزشتہ میچ بڑے ہی دلچسپ انداز میں ممبئی انڈینس کو صرف تین رن سے شکست دے کر جیتا تھا۔ نشیب و فراز سے گزرنے کے بعد اب پونے سات میں سے چار میچ جیت کر فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے تو وہیں کے کے آر پانچ میچ جیت کر دوسرے نمبر پر ہے ۔گوتم گمبھیر کی کپتانی میں خطابی ہیٹ ٹرک کی طرف رواں دواں کولکتہ ، بنگلور کو اس آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم 49 کے اسکور پر ڈھیر کرکے سرخیاں میں رہی تھی۔ وراٹ، اے بی ڈی ولیرس اور کرس گیل جیسے ماہروں کی ٹیم بنگلور کو اس نے ایڈن گاردن میدان پر کبھی نہ بھولنے والی شکست دی تھی اور اس کے بعد کولکاتا کے حوصلے اور بھی بلند ہوئے ہیں۔وہیں پونے نے فہرست میں سب سے اوپر چل رہی دو بار کی چمپئن ممبئی کو جیت کی پٹری سے اتار دیا ہے ۔ ممبئی کو اسی کے میدان پر محض تین رن سے شکست دے کر کپتان اسٹیون اسمتھ کی پونے بھی اب پر اعتماد دکھائی دے رہی ہے اور بلے بازی اور گیند بازی کے لحاظ سے بھی وہ کافی متوازن دکھائی دے رہی ہے ۔پونے نے گزشتہ میچ میں ممبئی کو 161 رنوں کا ہدف دیا تھا جو اس کے بہترین بلے بازوں کے لیے مشکل نہیں تھا لیکن بین اسٹوکس، جے دیو انادکٹ، ڈینیل کرسٹین، واشنگٹن سندر اور عمران طاہر جیسے کمال کے گیند بازوں نے آخری وقت تک جدوجہد کرتے ہوئے ٹیم کو قریبی جیت دلا دی۔ اس کی کارکردگی سے کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ پیدا ہوا ہے اور ساتھ ہی اسے گھریلو میدان اور اپنے گھریلو حالات کا فائدہ بھی مل جائے گا۔اجنکیا رہانے ، راہل ترپاٹھی، کپتان اسمتھ، اسٹوکس اور مہندر سنگھ دھونی اس بلے بازی آرڈر کے مضبوط کھلاڑی ہیں۔ اسمتھ چھ میچوں میں 44.80 کی اوسط سے 224 رن بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں منوج تیواری کا کردار بھی اہم ہے ۔ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز دھونی کا تجربہ بھی پونے کے لیے کافی کام آ رہا ہے اور کولکاتا کے خلاف ان کا کردار اہم رہے گی۔کارکردگی کے لحاظ سے کولکتہ نے اب تک اپنے کھیل میں کافی تسلسل دکھایا ہے اور بنگلور کے خلاف اس کا میچ سب کے لیے یادگار رہا جس میں کے کے آر کے گیند بازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مخالف ٹیم کو 49 پر ہی ڈھیر کر دیا تھا۔ کرس ووکس کے چھ رن پر تین وکٹ، کولن ڈی گرینڈڈھومے کے 1.4 اوور میں چار رن پر تین وکٹ شاید ہی کوئی بھول سکے گا۔ظاہر ہے کہ پونے کو بھی اس کی کارکردگی یاد ہوگی اور اس لئے اسے کے کے آر کو پٹری سے اتارنے کے لیے کچھ خاص کرنا ہوگا۔ اس میچ میں تین وکٹ لے کر مین آف دی میچ بنے ناتھن کولٹر نائل اور امیش یادو نے بھی قابلِ تعریف گیند بازی کی تھی اور اگلے میچ میں بھی ان کی گیند بازی پر سب کی نگاہیں ٹکی ہوں گی۔وہیں بلے بازوں میں کپتان گمبھیر، اوپننگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے سنیل نارائن، منیش پانڈے رابن اتھپا، یوسف پٹھان اور سوریہ کمار یادو پر رن بنانے کی ذمہ داری رہے گی۔ کے کے آر کے پاس اوپننگ اور مڈل آرڈر میں اچھے بلے باز ہیں اور ان کھلاڑیوں نے گزشتہ میچوں میں اپنی اہمیت ثابت کی ہے ۔ پانڈے سات میچوں میں 260 رن بنا کر ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں اور گمبھیر 243 رن کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور وہ مسلسل اچھا کھیل دکھا رہے ہیں۔