شیخ حسینہ نے خواجہ اجمیری ؒ درگاہ کی زیارت کی

اجمیر، 9 اپریل (یو این آئی) ہندستان کے چار روزہ دورہ پر آنے والی بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے آج دنیابھر میں مشہور صوفی سنت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ میں حاضری دی اور آستانہ شریف میں مخملی چادر چڑھائی اور گلہائے عقیدت پیش کئے ۔شیخ حسینہ کے ساتھ بنگلہ دیش کے پانچ وزراء کا وفد بھی ساتھ آیا ہے ۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے خواجہ صاحب کی بارگاہ میں ہند۔بنگلہ دیش کے مضبوط روابط اور اپنے ملک اور دنیابھر میں امن و امان، خوشحالی اور باہمی محبت کی دعا بھی مانگی۔زیارت کے بعد شیخ حسینہ کا قافلہ سیدھے گھوگھرا ہیلی پیڈ کیلئے روانہ ہوگیا۔ دہلی واپس آنے کے بعد وہ راشٹرپتی بھون میں صدر پرنب مکھرجی کے ساتھ عشائیہ میں شرکت کریں گی۔ شام کے وقت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے ان کی ملاقات کا بھی امکان ہے ۔بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کل ایک تجارتی میٹنگ میں شرکت کے بعد اپنے وطن لوٹ جائیں گی۔ مسٹر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد محترمہ حسینہ کا ہندستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے ۔ذرائع کے مطابق محترمہ شیخ حسینہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ اجمیر کے دورہ پر رہیں لیکن میڈیا کو ان کے دورہ کی رپورٹنگ کیلئے پریس کارڈ جاری نہیں کئے گئے تھے ۔واضح رہے کہ شیخ حسینہ کے دورہ کے پیش نظر نماز فجر کے بعد پوری درگاہ خالی کروا لی گئی تھی اور تقریباً ڈھائی گھنٹے تک کسی بھی عقیدتمند کو درگاہ کے اندر داخل نہ ہونے دیا گیا جبکہ شہر میں 805 ویں عرس کے اختتام کے بعد زائرین کی کافی تعداد اب بھی موجود ہے ۔ ایسی صورت میں سینکڑوں زائرین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔