فرقہ پرستی بھڑکانے کی اجازت میڈیا کو نہیں : نقوی

نئی دہلی، 12 اپریل (یو این آئی) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کو بھلے ہی اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے لیکن اسے فرقہ پرستی بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔سماج وادی پارٹی کے جاوید علی خان نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران ایک ہندی ٹیلی ویژن چینل کی جانب سے اترپردیش کے سنبھل علاقے میں فرقہ وارانہ منافرت بھڑکانے کی کوشش کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اس پر پابندی لگائے جانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ چینل گزشتہ 12 دنوں سے سنبھل میں امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ چینل پر سنبھل کو دہشت گردی کی جگہ اور جہادیوں کا گڑھ بتایا جا رہا ہے۔ اس کے ایک اینکر کے الفاظ ایسے ہیں جو علاقے میں ہم آہنگی کے ماحول کو بگاڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہاکہ اس معاملے پر توجہ دی جائے گی اور میڈیا کو بھلے ہی اظہار رائے کی آزادی ہو لیکن کسی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورئین نے بھی کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور میڈیا کی آزادی کی بات درست ہے لیکن میڈیا کا کام فرقہ وارانہ جذبہ کو مشتعل کرنا نہیں ہے۔ حکومت اس معاملے کی نگرانی کرے۔مسٹر خان نے کہاکہ اس چینل کے ایڈیٹر نے کہا ہے کہ وہ 13 اپریل کو سنبھل کی جامع مسجد میں جا کر ‘جل ابھیشیک’ کریں گے اور وہ بڑی تعداد میں لوگوں کو وہاں آنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس معاملے پر خاموش کیوں ہے۔ انہوں نے کہاکہ سنبھل میں 1978 کے بعد سے کوئی فساد نہیں ہوا ہے اور ہندو۔مسلم دونوں فرقہ کے لوگ پیار و محبت کے ساتھ وہاں رہ رہے ہیں۔سماج وادی پارٹی کی تنظیم فاطمہ نے مرکزی وقف کونسل کے رکن اعجاز عباس نقوی کی جانب سے مجاہد آزادی مولانا محمد علی جوہر کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر نقوی نے حال ہی میں کہا تھا کہ جس شخص کی فلسطین میں موت ہوئی ہے ان کے نام پر یونیورسٹی کا نام مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی رکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ محترمہ فاطمہ نے اس سلسلے میں کہاکہ جو شخص مجاہد آزادی کے بارے میں اس طرح کی بات کرتا ہے اسے کونسل میں رہنے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایوان میں مسٹر نقوی کے خلاف تحریک مذمت پاس کیا جانا چاہئے۔کانگریس کے پرتاپ سنگھ باجوہ نے پٹھان کوٹ، بھٹنڈا، اور لدھیانہ کے ہوائی اڈوں کو جلد چالو کرنے اور امرتسر اور موہالی سے بین الاقوامی پروازوں کی شروعات کئے جانے کا مطالبہ کیا۔بی جے پی کے پربھات جھا نے راجدھانی کے ایمس اور صفدر جنگ اسپتالوں میں فرضی ڈاکٹروں کے گروہوں کی جانب سے مریضوں کے استحصال کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی جانچ کی جانی چاہئے اور حکومت کو غریب مریضوں کو ان کے شکنجے سے بچانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔