واٹس ایپ کا مزید نئے فیچرز متعارف کرنے کا اعلان

دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اب صارفین کا ایک بڑا دردِ سر کم کرنے والی ہے۔ جیسا کہ آپ کو علم ہوگا کہ واٹس ایپ اکا?نٹ مخصوص فون نمبر سے جڑا ہوتا ہے اور فون نمبر تبدیل کرنا بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔ صارفین کو اپنے درجنوں دوستوں کو نئے نمبر پر ایڈ کرنا ہوتا ہے یا پرانے نمبر پر ایک گروپ چیٹ تشکیل دے کر اپنے نمبر کی تبدیلی کا اعلان واٹس ایپ کے براڈ کاسٹ فیچر کے ذریعے کرنا پڑتا ہے۔ تاہم اب واٹس ایپ ‘چینج نمبر’ فیچر کو بِیٹا ورڑن میں آزما رہی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو اپنے دوستوں کو فون نمبر تبدیل کرنے پر نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کرنے کی سہولت مل سکے گی۔ صارفین تمام دوستوں یا منتخب افراد کو اس خبر سے آگاہ کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔ چونکہ ابھی یہ بِیٹا ورڑن میں ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک صارفین کو دستیاب ہوگا۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ کسی میسج کو بھیجنے کے بعد اسے واپس یا اَن سینڈ کرنے کے فیچر پر کام کررہی ہے جس سے صارفین ایسے پیغامات کو ڈیلیٹ کرسکیں گے جو وہ غلطی سے کسی دوسرے فرد کو سینڈ کرچکے ہوں گے۔ اب واٹس ایپ نے اس فیچر کی آزمائش بھی نئے بیٹا ورڑن میں شروع کردی ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کو 5 منٹ کا وقت دے رہی ہے جس کے دوران بھیجے جانے والے پیغامات کو ڈیلیٹ کرکے شرمندگی سے بچا جاسکتا ہے۔ تاہم 5 منٹ بعد اس پیغام کو ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔ اسی طرح بیٹا ورڑن میں ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے جس سے پیغامات کے ٹیکسٹ کو فارمیٹ کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت صارفین کو اپنے پیغامات کو فارمیٹ کرنے کے لیے مختلف کمانڈ استعمال کرنا پڑتی ہیں۔ جیسے ٹیکسٹ بولڈ کرنے کے لیے لفظ کے آگے اور پیچھے * لگانا پڑتا ہے جبکہ اٹالک کرنے کے لیے لفظ کے آگے اور پیچھے _ لگانا پڑتا ہے۔ تاہم اب کمانڈز کی بجائے واٹس ایپ میں فارمیٹ کے آپشنز دیئے جارہے ہیں اور صارفین مائیکرو سافٹ ورڈ کی طرح اب اپنے ٹیکسٹ کو بولڈ، اٹالک یا اسٹرائیک تھرو کرسکیں گے۔