وراٹ نے رینا کو پیچھے چھوڑا

بنگلور، 14 اپریل (یو این آئی ) رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل 10 میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 62 رن کی بہترین اننگز کھیلی اور آئی پی ایل 10 کی تاریخ میں سریش رینا کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ ایک بار پھر اپنے نام کر لیا ۔وراٹ کندھے کی چوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل 10 میں اپنی ٹیم کے ابتدائی تین میچ نہیں کھیل پائے تھے ۔وراٹ ممبئی انڈینس کے خلاف جمعہ کو اپنی ٹیم کے چوتھے میچ میں اترے اور اترنے کے ساتھ ہی انہوں نے شاندار نصف سنچری لگائی ۔ وراٹ 47 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر آ¶ٹ ہوئے ۔اس کے ساتھ ہی وراٹ کے آئی پی ایل میں 140 میچوں میں 4172 رنز ہو گئے ہیں جس میں چار سنچری اور 27 نصف سنچری شامل ہیں۔رینا کے 149 میچوں سے 4171 رنز ہیں جس میں ایک سنچری اور 29 نصف سنچری شامل ہیں۔آئی پی ایل 10 شروع ہونے سے پہلے وراٹ سب سے آگے تھے اور رینا دوسرے مقام پر تھے ۔ رینا نے وراٹ کے ابتدائی تین میچ نہیں کھیلنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا لیکن وراٹ اب گجرات لائنز کے کپتان رینا سے آگے نکل گئے ہیں۔