وزیراعظم مودی ،نئے ہندوستان کا نظر یہ رکھتے ہیں : نائیڈو

حیدرآباد29اپریل (یواین آئی) اطلاعات ونشریات کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ،نئے ہندوستان کا نظر یہ رکھتے ہیں ۔بدعنوانیوں ، دھوکہ دہی سے پاک ہندوستان وزیراعظم کا خواب ہے ۔اس سمت ملک کو آگے لے جانے کے لئے تمام کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص نوجوانوں کو اس کے لئے آگے آنا چاہئے تاکہ نئے ہندوستان کا وزیراعظم کا خواب پور ا ہوسکے ۔اس کے لئے تمام اپنا اشتراک اور تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ غریبوں اور پسماندہ افراد کو طب اور تعلیم کی فراہمی کے لئے رضاکارانہ تنظیموں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ چین دنیا بھر میں اشیا کی تیاری کے لئے مشہورہے ،اسی طرح ہندوستان وسائل کا دارالحکومت بن سکتا ہے ۔انہوں نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم ،ملازمت کا ہتھیار ہونا چاہئے تاکہ معاش حاصل کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیز کو چاہئے کہ عملی مہارت کے ساتھ طلبہ کو تعلیم دے ۔طلبہ کو تکنیکی مہارت سے بااختیار بنانا چاہئے جس کو وزیراعظم نریندر مودی اہمیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے سورنا بھارت ٹرسٹ کی خدمات کی ستائش کی ۔انہوں نے تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے موچنتل میں ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ طبی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرسٹ 16سال سے رضاکارانہ طورپر خاموشی سے خدمات انجام دے رہا ہے اور اس نے حکومت سے کوئی بھی امداد بھی حاصل نہیں کی۔انہوں نے نیتی آیوگ سے خواہش کی کہ وہ اس ٹرسٹ کی فلاحی سرگرمیوں کو دیکھ کر دوسروں کو بھی اس طرح کی فلاحی سرگرمیوں کے آغاز کی سفارش کرے تاکہ ٹرسٹ کی فلاحی سرگرمیوں کی دوسرے بھی تقلید کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ، وجئے واڑہ اور نیلور میں سورنا بھارت ٹرسٹ کافی نہیں ہے بلکہ ملک کے مختلف مقامات پر اس ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو وسعت دیتے ہوئے ملک کو حقیقی معنوں میں سورنا بھارت(سنہرا بھارت)بنانا ٹرسٹ کا مقصد ہے ۔