پی کے اور نتیش کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت

نئی دہلی، 7 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے سیاسی مشیرپرشانت کشور (پی کے ) کی تقرری کے خلاف درخواست پرآج سماعت سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ وزیر اعلی کسی کو بھی مشیر مقرر کر سکتے ہیں اور وہ کسی کو بھی تنخواہ ادا کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ پی کے کو مشیر کے ساتھ وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے ۔ اس طرح کی تقرریوں میں ٹیکس دہندگان کے پیسے کو اس طرح استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بالواسطہ طور پر اس اصول کے خلاف ہے ، جس میں صاف کہا گیا ہے کہ کابینہ میں ارکان کی تعداد 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعلی کے پاس پورا نظام ہوتا ہے ، ایسے میں وہ پی کے کو اس طرح نہیں رکھ سکتے ۔ درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس جے ایس کیہر کی صدارت والی بنچ نے معاملے میں دخل دینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ”وزیر اعلی کو اگر کسی شخص میں اعتماد ہے تو عدالت اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔انہیں اپنا مشیر منتخب کرنے کا پورا حق ہے “۔ عدالت کے انکار کے بعد درخواست گزار نے پٹیشن واپس لے لی۔