ڈاکٹروں کو سستی دوائیں لکھنے پر مجبور کرنے کیلئے قانون بنے گا : مودی

سورت، 17 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت ایسا قانون وضع کرے گي جس سے ڈاکٹروں کے لئے سستی جنرک ادویات ہی پرچی پر لکھنا لازمی ہو جائے گا۔ مسٹر مودی نے آج یہاں 500 کروڑ کی لاگت سے بنے ایک پرائیویٹ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ ان کی حکومت نے لوگوں کو بہتر صحت سہولیات دلانے کے لئے سستی ادویات کی دستیابی اور ضروری ادویات کی قیمت طے کرنے سمیت کئی اقدامات کئے ہیں۔ اسی سلسلے کی کڑی میں اٹل بہاری واجپئی حکومت کے 15 سال بعد ان کی حکومت صحت پالیسی لے کر آئی ہے ۔ ملک میں صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں کی کمی سمیت کئی مسائل تھے ۔ متوسط طبقے کے خاندان میں ایک بھی شخص کے بیمار ہو جانے سے خاندان کا پورا معاشی نظام تباہ ہو جاتا ہے ۔ مکان خریدنے اور بیٹی کی شادی کی طرح دیگر انتہائی ضروری کام رک جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ایک غالب طبقے کی ناراضگی مول لے کر بھی غریب اور متوسط طبقے کے لئے صحت کی سہولت بڑھانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 700 ضروری ادویات کی قیمتیں طے کرنے اور دل کی بیماری کے لئے ضروری اسٹینٹ کی قیمت میں کمی کا کام کیا ہے ۔ پھر بھی متعدد ڈاکٹر ایسی پرچی لکھ دیتے ہیں کہ مریضوں کو مہنگی دوائیں خریدنے کے لئے مجبور ہونا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیکن جلد ہی وہ ایسا قانون بنائیں گے اور ایسا انتظام کریں گے کہ ڈاکٹرو ں کے لئے سستی جنرک ادویات لکھنا ضروری ہو گا۔ مسٹر مودی نے اپنے خاص لہجے میں کہا کہ میں گجرات میں تھا تو بہت سے لوگوں کو ناراض کرتا تھا۔ اب دہلی میں گیا ہوں تو بھی لوگوں کو ناراض کرتا رہتا ہوں۔روز ایک کام ایسا کرتا ہوں جس سے کوئی نہ کوئی ناراض ہو جاتا ہے ۔ ابھی دوا کمپنیاں مجھ سے ناراض ہیں۔ انہوں نے اپنی صفائی مہم کو بھی صحت سے براہ راست طور پرجڑا ہوا قرار دیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ آزادی کے بعد سے ملک میں ایسا ماحول بن گیا تھا کہ سب کچھ حکومت کو ہی کرنا چاہئے جبکہ قدیم وقت سے معاشرے کے کام افرادی قوت کے ذریعے کرنے کی روایت تھی۔ ایک بار پھر یہ احساس واپس زورپکڑ رہی ہے ۔ انہوں نے مذکورہ ہسپتال کا سنگ بنیاد اور افتتاح دونوں خود کے ذریعہ ہی کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صرف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیشن بن گیا تھا۔ وہ اسے ختم کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جولائی کے مہینے میں جب کسی ہندوستانی وزیر اعظم کے پہلے اسرائیلی دورے پر جائیں گے تو سورت کے ہیرے کی صنعت کے نمائندے بن کر بھی جائیں گے ۔