کیا بالی وڈ بدل رہا ہے؟

بالی وڈ کی منجھی ہوئی اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ آج کل جس طرح عورتوں کے مرکزی کردار والی فلمیں بنائی جا رہی ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔شبانہ نے ودیا بالن، دپیکا پاڈوکون اور کنگنا رناوت جیسی اداکاراؤں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ہیروئنز خواتین کو با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔شبانہ اعظمی خود اپنے دور کی ان چند ہیروئنز میں سے ایک ہیں جنھوں نے یہ کام تین سے چار دہائی قبل کیا تھا۔ شبانہ ‘انکور،’ ’ارتھ،‘ ’فائر‘ اور ’گاڈ مدر‘ جیسی یادگار فلموں کا حصہ رہی ہیں۔ لیکن آج حالات کافی تبدیل ہو چکے ہیں، ایک زمانہ تھا جب ہیروئن کی عمر اور شادی ہی فلم میں اس کا کردار طے کیا کرتے تھے اور وہ بھی ایسا کردار جو ہیرو کی محض پرچھائیں ہوا کرتا تھا۔ اور شادی کے بعد انھیں ماں یا بھابی کے کردار آفر ہوا کرتے تھے۔آج یہ رجحان بدل چکا ہے جس کی مثال دپیکا، پرینکا، کرینہ اور کاجول جیسی کئی ہیروئنز ہیں جو نہ صرف اپنی شرائط پر کام کرتی ہیں بلکہ فلم میں کردار اور کمائی کے حساب سے بھی ہیروز سے کم نہیں۔ اور جیسا شبانہ اعظمی نے کہا کہ فلمیں معاشرے میں آنے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ عورتوں کے مرکزی کردار والی فلمیں نہ صرف بنائی جا رہی ہیں بلکہ معاشرے میں پسند بھی کی جا رہی ہیں۔ایسی ہی ایک فلم ‘لِپ سٹک انڈر مائی برقع‘ ہے۔ فلم پر انڈیا میں تو کافی ہنگامہ ہے اور سنسر بورڈ نے بھی فلم پر اعتراض کرتے ہوئے اسے ہری جھنڈی دکھانے سے انکار کر دیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ فلم میں جنسی مناظر اور نازیبا گفتگو ہے جو عام نمائش کے لیے مناسب نہیں لیکن ملک سے باہر یہ فلم مختلف فلمی میلوں کی زینت بن رہی ہے۔ فلم ممبئی اور ٹوکیو فلمی میلے میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے اور نیویارک انڈین فلمی میلے میں بھی دکھائی جانے والی ہے۔النکریتا سری واستو کی اس فلم میں عورتوں کے جنسی تخیل اور ان کے جنسی جذبات کی عکاسی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ فلم میں کونکنا سین اور رتنا پاٹھک اہم کردار میں ہیں۔ پرکاش جھا کے پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایت کار النکریتا کا کہنا ہے کہ وہ فلم کی ریلیز کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھیں گی۔اب دیکھتے ہیں کہ کیا معاشرے اور بالی ووڈ میں آنے والی تبدیلی کا اثر ملک کے سنسر بورڈ پر بھی پڑے گا یا نہیں۔دپیکا پادوکون ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جن کی پروفیشنل اور ذاتی زندگی ہمیشہ سے ہی لوگوں کا دلچسپی کا سبب بنی رہتی ہے۔ آج کل پھر سے ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ دپیکا اور ان کے مبینہ بوائے فرینڈ رنویر سنگھ کے درمیان حالات ناساز ہیں اور دونوں کا بریک اپ ہو گیا ہے۔ وجہ صرف اتنی ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نظر نہیں آ رہے اور پارٹیوں میں بھی الگ الگ جاتے ہیں۔دپیکا اس وقت سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدما وتی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں فلم میں ان کے ساتھ رنویر سنگھ بھی ہیں اور یہ فلم کافی متنازع بنتی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سننجے لیلا بھنسالی نے ان دونوں کو مشورہ دیا ہے کہ فلم ریلیز ہونے تک وہ پبلک میں ساتھ نظر نہ آئیں۔اب میڈیا اور سوشل میڈیا نے ان کے مبینہ عشق کو مبینہ بریک اپ میں تبدیل کر دیا۔ بہرحال جب تک فلم ریلیز نہیں ہو گی تب تک ان دونوں کے بارے میں اس طرح کی خبریں اور افواہیں گردش کرتی رہیں گی۔