کیش لیس لین دین سے بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی : مودی

ناگپور، 14 اپریل (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے 126 ویں یوم پیدائش پر بھیم پر مبنی ایپ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ نقد سے مبرا لین دین سے ملک میں بدعنوانی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ بھیم۔آدھار پلیٹ فارم کے ذریعے کوئی بھی شہری اسمارٹ فون، انٹرنیٹ، ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے بغیر بھی ڈیجیٹل ٹرانزیکشن کر پائے گا۔ “اس سے ڈاکٹر امبیڈکر کے سماجی اور مالی اعتبار سے بااختیار بنانے کے نظر یہ کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔مسٹر مودی نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم مرچنٹ کے لئے ہے ۔ آدھار سے بینک اکاؤنٹ لنک کرا چکے گاہک اپنے فنگر پرنٹ کے ذریعے ادائیگی کر پائیں گے ۔ ایپ کے ذریعے گاہک کے بینک کھاتہ سے تاجر کے کھاتہ میں پیسے آ جائیں گے ۔ فی الحال تین لاکھ مرچنٹ کے ساتھ 27 بڑے بینک یہ سہولت فراہم کرنے لگے ہیں۔ یہ ایپ ایک بایومیٹرک ریڈر سے منسلک ہوگا۔ وزیر اعظم نے بھیم۔کیش بیک اور ‘ریفرل بونس’ دو نئی اسکیموں کے آغاز کیا جس کے تحت چھ ماہ کی مدت میں 495 کروڑ روپے کے خرچ سے زمینی سطح پر ڈیجیٹل لین دین روایت کو یقینی بنایاجائے گا۔ ریفرل بونس اسکیم کے تحت موجودہ صارفین اور نئے صارفین دونوں کو کیش بونس کے طور پر ان کے کھاتوں میں براہ راست نقد بونس ملے گا۔ بھیم کا استعمال کرنے والے کاروباریوں کو ہر ٹرانزیکشن پر کیش بیک دیاجائے گا۔ مسٹر مودی نے ناگپور میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹر امبیڈکر کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ایک مضبوط، خوشحال اور شمولیاتی ہندستان کی تعمیر کی سمت میں کام کرنے کے تئیں پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا آغاز کیا گیا ان سے نوجوانوں کو مدد ملے گی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر ایک ایسا ہندستان بنانا چاہتے تھے جو سبھی شہریوں کے لئے ہو اور بھیم۔ آدھار ہندوستان میں نئی معیشت کی مضبوط بنیاد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجی دھن آندولن کچھ نہیں بلکہ ایک صفائی مہم ہے جس سے بدعنوانی جیسی برائیوں کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔ ہر ہندوستانی کا اپنا گھر ضرور ہونا چاہئے اور ان کے گھر میں بجلی، پانی اور دیگر ضروری سہولیات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جن شعبوں میں اہم کوششیں کر رہے ہیں ان میں سے ایک قابل تجدید توانائی کا شعبہ ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا ہم ایک ایسے عہد میں قدم رکھ رہے ہیں جب موبائل فون ‘جیب’ کی شکل اختیار کرلے گا اور اس سے مالی لین دین ہونگے ۔ انہوں نے ناگپور میں کوراڈي حرارتی بجلی گھر کو لوگوں کے لئے وقف کیا ۔ وزیر اعظم ناگپور پہنچنے کے بعد سیدھے دیکشابھومی پہنچے اور وہاں بابا صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی جگہ ڈاکٹر امبیڈکر نے 1956 میں اپنے پیروکاروں کے ساتھ بدھ مذہب اختیار کیا تھا۔ مسٹر مودی نے یہاں ہاتھ جوڑ چند منٹ کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر ودیا راؤ، مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، مرکزی وزرا نتن گڈکری، پرکاش جاوڈیکر، روی شنکر پرساد، رام داس اٹھاولے بھی موجود تھے ۔