گؤرکشکوں کے خلاف سپریم کورٹ سخت

نئی دہلی، 07 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے آج گؤرکشکو اور ان سے منسلک جماعتوں پر پابندی عائد کرنے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت کے علاوہ چھ ریاستوں کو نوٹس جاری کر کے آج پوچھا کہ کیوں نہ گؤرکشا کے نام پر تشدد کرنے والی جماعتوں پر پابندی لگا دی جائے ۔جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ نے کانگریس لیڈر تحسین پوناوالا اور دو دیگر لوگوں کی درخواست کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے علاوہ راجستھان، مہاراشٹر، گجرات اور اتر پردیش سمیت چھ ریاستوں کو نوٹس جاری کر کے تین ہفتے کے اندر اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت کے لئے تین مئی کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے یہ پوچھا ہے کہ کیوں نہ ان گؤرکشکوں اور ان سے منسلک جماعتوں پر پابندی لگا دی جائے ۔درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے دلیل دی کہ گایوں کی حفاظت کے نام پر یہ گؤرکشک لوگوں پر ظلم کرتے ہیں اور قانون اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں راجستھان کے الور میں ہوئے واقعہ کا ذکر بھی کیا۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ زیادہ ترگؤرکشک مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ایسا خود وزیر اعظم نے بھی کہا تھا لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔