گجرات کے خلاف جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے اترے گا ممبئی انڈینس

ممبئی،15اپریل(آئی این ایس انڈیا) گزشتہ میچ میں نازک حالات میں ہدف حاصل کرنے سے اعتماد سے لبریز ممبئی انڈینس کی ٹیم انڈین پریمیئر لیگ میں کل یہاں گجرات لائنس کے خلاف اپنی فتوحات کاسلسلہ جاری رکھنے کے لئے اترے گی۔ گجرات بھی رائزنگ پونے سپرجاٹس پر سات وکٹ کی جیت سے اپنی مہم ٹریک پر واپس لائی ہے جبکہ چار میچوں میں 6 پوائنٹس حاصل کر چکا ممبئی خراب شروعات کرنے والی ٹیم کا تمغہ اتار رہا ہے۔ ممبئی کو ٹاپ آرڈر کی بلے بازی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آرسی بی کے خلاف لیگ اسپنر سیموئیل بدری کے سامنے اس کا ٹاپ آرڈر تہس نہس ہو گیا تھا لیکن کیرون پولارڈ نے بہترین نصف سنچری اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ ایک اور فکر کپتان روہت شرما کو لے کر ہے جو گگلی کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے تین بار عمران طاہر، راشد خان اور بدری کی گگلی پر اپنے وکٹ گنوائے۔ روہت نے اب تک تین اننگز میں دس سے کم رن بنائے ہیں اور اب وہ بلے بازوں کے لیے موزوں مانی جا رہی وانکھیڑے اسٹیڈیم کی پچ پر فارم میں واپسی کرنا چاہتے ہیں۔ ممبئی کے لئے مثبت پہلو پنڈیا برادران ہاردک اور کرال کی فارم ہے۔ انہوں نے اب تک تمام میچوں میں ہر شعبہ میں کردار ادا کیا ہے۔ آرسی بی کے خلاف کرال نے دباو¿ میں 30 گیندوں پر ناٹ آوٹ 37 رن بنائے جبکہ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف انہوں نے 20 گیندوں پر 37 رن بنائے تھے۔ اس کے علاوہ درمیانی اوورز میں ان کی بائیں ہاتھ کی سپن بولنگ بھی کارگر ثابت ہو رہی ہے۔