یوپی کو بدعنوانی سے پاک کریں گے : یوگی

لکھنؤ، 14 اپریل(یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادیتیہ ناتھ نے ریاست کو بدعنوانی سے پاک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی حکومت اس کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ڈیجی دھن میلے میں مہمان خصوصی کے طورپر تقریر کرتے ہوئے مسٹر یوگی نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سے بدعنوانی پر نکیل لگے گی۔ بدعنوانی روکنے کے لئے ڈیجیٹل پیمنٹ ایک بہترین ذریعہ ہے ۔وزیر اعلی نے کالے دھن پر لگام لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اب صوبے میں کانٹریکٹ بھی ای ٹنڈرنگ سے ہوں گے ۔ کیش لیس ٹرانزکشن کو فروغ دیا جائے گا۔ نوٹ بندی کو کالے دھن پر روک لگانے کا قدم بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی سے غریبوں کا بہت بھلا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ نوٹ بندی کی حمایت کرنے کے بجائے کچھ لوگوں نے عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کیش لیس نظم نوٹ بندی کا اگلا مرحلہ ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی صورت حال تبدیل کردی ہے ۔ سیاست سے عوام کا اعتماد اٹھتا جارہا تھا ۔ مودی جی کے وزیر اعظم بننے کے بعد عوام میں ایک بار پھر سے رہنماؤں کے تئیں اعتماد لوٹنے لگا ہے ۔