یوگی نے دیا گومتی ریور فرنٹ پروجیکٹ کی جانچ کا حکم

لکھنؤ ،یکم اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی نے اکھلیش یادو حکومت کے ڈریم پروجیکٹ گومتی ریور فرنٹ کی تعمیر میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ مسٹر یوگی نے گزشتہ 27 مارچ کو ہی گومتی ریور فرنٹ کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے حکام سے پوچھا تھا کہ تین میٹر گہری اور دس کلومیٹر لمبی گومتی ندی کی کھدائی کی مٹی کہاں گئی۔ یہ منصوبہ اکھلیش یادو حکومت کے ڈریم پروجیکٹ میں شامل ہے ، جوتقریبا تین ہزار کروڑ روپے کا پروجیکٹ ہے ۔ ریور فرنٹ پروجیکٹ کی وجہ سے گومتی ندی پر بنا پل دو بار توڑا گیا۔ اس کی تعمیر کے وقت ہی دھاندلی کے الزام لگ رہے تھے ۔ الزام تھا کہ اس میں زیادہ پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلی نے 45 دنوں کے اندر تفتیش مکمل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر اعلی نے پروجیکٹ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کیں، پروجیکٹ کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ اور طبی تعلیم کے وزیر آشوتوش اورٹنڈن نے بھی مذکورہ پروجیکٹ سے جڑے حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلی نے تحقیقات کا حکم دیا۔ الزام ہے کہ پروجیکٹ میں اصل قیمت سے زیادہ پیسے خرچ کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ 27 مارچ کو وزیر اعلی نے گومتی ریورفرنٹ پر جاکر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا تھا اور اس منصوبے کی لاگت کو کم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود گومتی ندی کے پانی سے بدبو آ رہی ہے ۔ اس میں جو نالے گر رہے ہیں انہیں بند کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔تعمیراتی کام میں ہو رہی تاخیر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا تھا کہ دریا فرنٹ پر چل رہے تعمیراتی کاموں کو شروع کئے دو سال ہو رہے ہیں مگر ابھی تقریبا 60 فیصد کام ہی ہو سکا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس بارے میں ایک ہفتے میں جواب دینے کو کہا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے حکام سے منصوبے میں اب تک خرچ ہونے والی رقم کے ایک پیسے کا حساب دینے کو کہا۔مسٹر یوگی نے منصوبے کو نمامی گنگے پروگرام سے جوڑے جانے کی ضرورت ظاہر کی تھی۔ واضح ر ہے کہ گومتی ریور فرنٹ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ڈریم پروجیکٹ کی فہرست میں شامل تھا۔ مسٹر یادو نے گزشتہ سال 16 نومبر کو اس کومعنون کیا تھا۔ تقریبا تین ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے گومتی ریور فرنٹ کی تعمیر لندن کی ٹیمز ندی کی طرز پر کی جارہی ہے ۔ کوڑیا گھاٹ سے لے کر لامارٹنیر اسکول تک 12.1 کلومیٹر کا ریورفرٹ بنا ہے ۔ مارچ 2017 تک اسے پورا ہونا تھا۔ مگر اب بھی یہاں کچھ کام چل رہا ہے ۔محکمہ آبپاشی کی طرف سے ان کاموں کے انچارج روپسنگھ یادو نے بتایا کہ اگلے ماہ سے ندی کے اس حصے میں پانی کا بہاؤ شروع کیا جائے گا۔ وہیں تفریح کے لئے میوزیکل فاؤنٹین، یوگا سائٹ، پنڈال، وغیرہ بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے چند دنوں کے اندر کئی اہم فیصلے کئے ہیں جن میں اینٹی رومیو اسکوڈ اور غیر قانونی سلاٹر ہاؤس پر کارروائی کے سلسلے میں بحث جاری ہے ۔ انہوں نے سرکاری دفتروں میں پان، گٹکھا کھانے پر پابندی لگا دی ہے ۔ ساتھ ہی سرکاری دفتروں میں لوگوں کو وقت پر آنے کی ہدایات دی ہیں۔