یوگی کابینہ کی پہلی میٹنگ کل،ہوسکتا ہے کسانوں کی قرض معافی کااعلان

لکھنؤ 02 اپریل (ایجنسی): 19 مارچ کو یوپی میں بی جے پی کی حکومت بننے کے 15 دنوں بعد پہلی کابینہ میٹنگ 4 اپریل کو شام 5 بجے لکھنؤ میں ہوگی۔یہ اطلاع آج وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے دی ہے۔ حالانکہ میٹنگ کے ایجنڈے کے بارے میں انہوں نے کوئی بات نہیں بتائی۔ مانا جارہا ہے کہ سب کی نظر کسانوں کی قرض معافی کے اعلان پر رہے گی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نریندر مودی اپنے انتخابی جلسوں میں وعدہ کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی پہلی میٹنگ میں چھوٹے اور مارجنل کسانوں کا قرض معاف ہوسکتا ہے۔ چینی ملوں کا بقایہ 20 دنوں کے اندر ادا کرنے کابھی فیصلہ ہوسکتا ہے۔ ساتھ ہی بے زمین کسانوں کیلئے گودھن یوجنا کے تحت دودھارو مویشی دستیاب کرانے سے متعلق اعلان ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت غیر قانونی ذبیحہ خانوں کو بند کرنے کے سلسلے میں کوئی ضابطہ بنانے کا بھی فیصلہ لے سکتی ہے۔ نوجوانوں کیلئے اسٹارٹ اپ ونچر کیپٹل فنڈ کے قیام اور ملک کا سب سے بڑا انکیولیٹر قائم کرنے پر بھی کوئی فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔