اردو | हिन्दी | English
264 Views
Politics

کمار وشواس کا قد بڑھا،امانت اللہ خان معطل

kejriwal
Written by Taasir Newspaper

نئی دہلی،3؍مئی (آئی این ایس انڈیا ):عام آدمی پارٹی کا بحران فی الحال ٹلتانظرآرہا ہے، کمار وشواس مان گئے ہیں، انہیں راجستھان کا انچارج بنایا گیا ہے، وہیں امانت اللہ خان کو پارٹی نے معطل کر دیا ہے۔غورطلب ہے کہ امانت اللہ خان نے کمار وشواس کو بی جے پی اور آر ایس ایس کا ایجنٹ بتایا تھا، ان پر پارٹی توڑنے کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد کمار وشواس نے پریس کانفرنس کر کے کہا تھا کہ امانت اللہ خان مکھوٹا ہیں ،پیچھے کوئی اور ہے، بعد میں کمار وشواس کو منانے کی کوشش شروع ہوئی تھی ،اروند کیجریوال، منیش سسودیا نے ان سے ملاقات کی تھی اور آج عام آدمی پارٹی کی سیاسی معاملات کی کمیٹی کی میٹنگ میں کمار وشواس شامل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ انہیں کسی عہدے کا لالچ نہیں ہے،منیش سسودیا نے امانت اللہ خان کی معطلی کی معلومات دی۔اس سے قبل منگل کی رات وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا غازی آباد میں کمار وشواس کے گھر پہنچے تھے، کچھ دیر کی بات چیت کے بات کیجریوال کمار وشواس کو اپنے گھر لے گئے۔کیجریوال نے کہا تھا کہ کمار وشواس کی کچھ ناراضگی ہیں، لیکن ان کو پورا یقین ہے کہ کمار مان جائیں گے۔اس سے پہلے کپل مشرا، سنجے سنگھ، آشوتوش، اوتار سنگھ کمار وشواس کو منانے ان کے گھر پہنچے تھے۔منگل کو میڈیا سے بات چیت میں جذباتی ہوتے ہوئے کمار وشواس نے کہا تھا کہ 24گھنٹے میں طے کر لیں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔اتنا ہی نہیں،وشواس نے پیر کو پارٹی کی سیاسی معاملات کی کمیٹی (پی اے سی)کی میٹنگ میں پارٹی لیڈروں کو میڈیا سے بات کرنے سے گریز کرنے کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صحافیوں سے رسمی بات چیت بھی کی تھی۔اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ وہ پارٹی کی غلطیوں کو اجاگر کرتے رہیں گے اور ملک کے مفاد میں جو بھی صحیح ہوگا، اس بات سے نہیں رکیں گے۔

About the author

Taasir Newspaper