اب یوپی میں 5روپے میں غریبوں کو ملے گا بھر پیٹ کھانا

لکھنؤ ، 4؍مئی (آئی این ایس انڈیا )ریاست کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مسلسل ایکشن میں نظر آرہے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے انپورنا اسکیم کو جلد ہی پوری ریاست میں لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔بدھ کی دیرشام وزیر اعلی نے ایک ٹوئٹ کر کے یہ معلومات دی۔اس میں ایک اشتہار کے ساتھ یہ سرخی دی گئی کہ 5روپے میں بھر پیٹ کھانا کا انتظام کرے گی حکومت۔اس کے ساتھ ہی ایک پوسٹر بھی شیئر کیا گیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے ، تاکہ بھوکے پیٹ نہ رہ جائے کوئی شہری، اس لیے پانچ روپے میں غریبوں کے لیے بھر پیٹ کھانے کا انتظام کرے گی حکومت۔جلد ہی پوری ریاست میں کھولے جائیں گے انپورنا ریسٹورنٹ۔ذرائع کے مطابق ،یوگی حکومت کی اس اسکیم میں صبح کا ناشتہ ، دن کا کھانا اور رات کا کھانا شامل ہو گا ، صبح کے ناشتے میں دلیہ، اڈلی-سامبھر ، پکوڑی اور چائے، پکوڑا ان کھانوں میں ملے گا تو کھانے میں روٹی، موسمی سبزیاں، ارہر کی دال اور چاول ملے گا۔ذرائع کے مطابق ،شروعاتی مرحلے میں صوبہ کے پانچ بڑے شہروں میں ان انپورنا کینٹین کو کھولے جانے کا منصوبہ ہے، پہلے مرحلے میں فی الحال اس اسکیم کو کانپور، لکھنؤ، گورکھپور، غازی آباد اور وارانسی میں لاگو کئے جانے کی تیاری کی گئی ہے،اس پر کام بھی شروع ہو چکا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کینٹینوں کو ایسی جگہ کھولا جائے گا جہاں غریب اور محنت کش لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو اور مدھیہ پردیش میں بھی اس طرح کے منصوبے مقبول ہو رہے ہیں، تمل ناڈو کی ’اماں کینٹین‘تو کافی مشہور ہے۔