ایس ایس سی کا پرچہ پھر ہوا لیک

پٹنہ 14 مئی (اسٹاف رپورٹر): اتوار کوپٹنہ میں ایس ایس سی ایم ٹی ایس کا پرچہ لیک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلی سیٹنگ میں پوچھے گئے سوال پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے تھے۔ پہلی سیٹنگ میں ریزننگ اور میتھس کے سوال لیک ہوئے۔ ادھر جیسے ہی امتحان شروع ہوا تبھی کئی وھاٹس ایپ گروپ پر پرچہ سرکولیٹ ہورہا تھا۔ وہیں دوسری سیٹنگ کے امتحان پرچہ بھی لیک ہوجانے کی اطلاع ہے۔ پہلی سیٹنگ کے سوال بالکل وہیں تھے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔ دوسری سیٹنگ کا امتحان پٹنہ میں 58 مراکز پر ہوا ۔ ابھی تین مرحلوں کے امتحانات باقی ہیں۔ تیسرا اور چوتھا مرحلہ 28 اور 4 جون کو پٹنہ میں بلدیاتی انتخاب کے چلتے یہاں کے امیدواروں کا سنٹر یوپی کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل 30 اپریل کو پہلے مرحلے کا امتحان ہوا تھا۔ تب دوسرے مرحلے کی دوسری سیٹنگ کے امتحان کا پرچہ لیک ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے دوسری سیٹنگ کا امتحان رد ہوگیا تھا۔ ابھی تک یہ امتحان نہیں ہوسکا ہے۔پرچہ لیک کے واقعہ کی وجہ سے پٹنہ کے اے این کالج سنٹرپر امتحان دہندگان نے کافی ہنگامہ کیا ہے۔وہیں مظفر پور میں کئی مراکز پر بھی ہنگامے کی خبر ہے۔پرچہ وائرل ہونے کے بعد امتحان دہندگان نے امتحان رد کرنے کی مانگ کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس امتحان کیلئے ملک بھر سے کل 70 لاکھ طلبا وطالبات نے درخواستیں دی ہیں۔ 8300 عہدوں کیلئے امتحان لئے جارہے ہیں۔ ان میں 4402 سیٹیں جنرل زمرے کے ہیں۔ جبکہ پسماندہ زمرہ کیلئے 2565 ، درج فہرست ذات کیلئے 739، درج فہرست قبائل کیلئے 594 اور سابق سرکاری ملازمین کیلئے 573 سیٹیں محفوظ ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلے کے امتحان کا پرچہ لیک ہونے کے بعد سبق لیتے ہوئے اسٹاف سلیکشن کمیشن نے اس بار نئے طریقے کا انتظام کیا تھا۔ ہر کلاس میں پرچوں کی سیل کو امتحان دہندگان کے سامنے کھولا گیا۔ کلاس کے دو طلبا اور دو نگراں کے دستخط بھی لئے گئے۔ ساتھ ہی ان کے ذریعہ یہ لکھا گیا کہ سوال نامہ سیل بند حاصل ہوا ہے۔ ہر ایک کلاس میں 5 منٹ پہلے سیل بند سوال نامے بھیجنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ان تمام تر احتیاطی اقدام کے باوجود پرچہ لیک ہوگیااور اس کے جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہے۔