ایل او سی پر پاکستان کی گولہ باری ،2ہلاک

جموں،13مئی(آئی این ایس انڈیا) پاکستانی فوجی فورسزنے ایک بارپھرجنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں کنٹرول لائن کے پاس آج مارٹرداغے اورخودکارہتھیاروں سے حملہ کیاجس میں دو لوگوں کی موت ہو گئی اور تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔پاکستانی فوج نے جموں وکشمیرمیں گزشتہ تین دنوں میں تیسری بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس سے پہلے پاکستانی فورسز کی فائرنگ اورگولے باری میں ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی اور تین دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔جموں میں وزارت دفاع کے افسر تعلقات عامہ لیفٹیننٹ کرنل منیش مہتا نے کہا کہ ہندوستانی فوج مؤثر طریقے سے جواب دے رہی ہے۔راجوری کے ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ نوشیرا علاقے میں کنٹرول لائن کے قریب پاکستانی فوج کی فائرنگ اور گولے باری میں دو لوگوں کی موت ہوئی ہے اور تین دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مہتا نے کہا کہ پاکستانی فوج نے نوشیرا سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب صبح سات بج کر 15 منٹ پر چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کیا اور 82 ایم ایم اور 120 ایم ایم کے مارٹر داغے۔ڈی سی نے بتایا کہ کنٹرول لائن کے پاس جس جگہ کو نشانہ بنایا گیا ہے، اس کے قریب واقع پانچ بستیوں میں رہنے والے اور تقریبا 100 افراد کو وہاں سے نکال کر کسی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ پاکستانی فوج جن گڑھ، بھوانی اور لام علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔