بھارت اور ماریشش نے 5معاہدوں پر دستخط کئے

نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) ہندوستان اور ماریشس نے سمندری سیکورٹی سمیت پانچ معاہدوں پر آج دستخط کئے۔ ہندوستان کے تین روزہ دورے پر آئے ماریشس کے وزیر اعظم پروند کمار جگن ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان یہاں ملاقات کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے، یہ معاہدے ہندوستان کی جانب سے ماریشس کو پچاس کروڑ ڈالر کا قرض دینے، ماریشس میں سول سروسز کالج قائم کرنے، سمندری سائنس کے شعبے میں تعاون اور بین الاقوامی شمسی توانائی اتحاد میں ماریشس کے شامل ہونے سے متعلق ہیں۔ یہ معاہدے سمندری سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سائنسی اور صنعتی تحقیق کونسل اور ماریشس سمندری تحقیق اور تعلیمی ادارے کے درمیان کئے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم مودی نے مشتر کہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان اور ماریشس کے رشتے وقت کی کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔ ماریشس کے وزیر اعظم کے ساتھ ان کی بات چیت کافی سود مند رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی بات چیت سے دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچے ہیں۔ پچاس کروڑ ڈالر کے معاہدہ سے ماریشس میں ترجیحی پروجیکٹوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ سمجھوتہ اس کی ترقی کے تئیں ہندوستان کی عہدبندی کا مظہر ہے اور اس سے وہاں کے تمام پروجیکٹوں پر بروقت عمل درآمد ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ باہمی سمندری تحفظ معاہدہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں فریقین کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ اقتصادی مواقخ کو برھانے کے لئے بحر ہند میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کا بہتر نظم ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور رابطہ عامہ بڑھانے کے لئے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ ماریشس کے وزیر اعظم نے ان کا اور ان کے وفد کے خیر مقدم کے لئے حکومت ہند او رمسٹر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ان کے آباء و اجدادکی دھرتی ہے۔