جموں وکشمیر میں پاکستانی اور سعودی چینلزکا نشر یہ روکیں محبوبہ : نائیڈو

نئی دہلی6مئی(آئی این ایس انڈیا) مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کی حکومت سے کہاکہ وہ پاکستانی اور سعودی عرب کے چینلز کے ریاست میں غیر مجاز نشریات کوروکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے ریاست کے چیف سکریٹری سے بات کی ہے اورجلدسے جلد عملدرآمدکی رپورٹ مانگی ہے۔انہوں نے ان خبروں پر تشویش ظاہر جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں ان چینلزکوبغیراجازت نشرکیا جارہا ہے۔اس سے پہلے، دن میں اطلاعات و نشریات کے وزیرمملکت وردھن سنگھ راٹھور نے کہا تھا کہ جو کیبل آپریٹر مبینہ طور پر غیر مجاز چینلز نشر کر رہے ہیں ان کے آلات پر قبضہ کرنے کا ریاست کے مقامی انتظامیہ کو حق ہے۔راٹھورنے بتایاکہ انہوں نے حکومت کومشاورت بھیجی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر مجاز چینلز پر مرکز اس طرح کا مشورہ باقاعدہ طور پر بھیجتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ایسی کوئی خبر سامنے آتی ہے توہم اس پر توجہ دیتے ہیں۔ایسے واقعات کے بارے میں رپورٹ مانگنا ہمارا کام ہے۔کارروائی کی جا رہی ہے۔یہاں ایک پروگرام سے الگ انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ کشمیر میں ضلع مجسٹریٹ یا مجاز سرکاری افسر کو کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائی کرنے اور ان کے سامان ضبط کرنے کا حق ہے۔معلوم ہوکہ جموں و کشمیر میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت ہے۔