داخلی سلامتی کے مسئلہ پر وزیر داخلہ نے اعلی افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی

نئی دہلی، 3؍مئی (آئی این ایس انڈیا ) جموں کشمیر میں فوج کے جوانوں پر پتھر بازی اور چھتیس گڑھ میں نیم فوجی دستوں پر نکسلی حملے کے واقعات کے پیش نظر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مسلسل تیسرے دن بدھ کو بھی جموں و کشمیر میں سیکورٹی نظام کا جائزہ لیا۔قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے)اجیت ڈوبھال، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو (ڈی آئی بی )راجیو جین، اور ریسرچ اینڈ اینالائسس ونگ(را) )کے صدر انل دھسمانا سمیت تمام اعلی سیکورٹی افسران دہلی میں نارتھ بلاک میں اعلی سطحی میٹنگ میں موجود رہے۔اجلاس میں جموں کشمیر میں سڑکوں پر حال ہی میں ہوئے پرتشدد حملوں، پتھر بازی، جس میں مسلح افواج کے اہلکاروں کی موت ہو جاتی ہے ، ان سب نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے پہلے پیر کو، راج ناتھ نے جموں و کشمیر میں سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا تھا اور حال ہی میں ملک کے اعلی سیکورٹی حکام کے ساتھ سکما حملے پر بھی بات چیت کی تھی ۔گزشتہ پیر کو پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکی پر فائرنگ کی تھی، اس واقعہ میں دو ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔بعد میں پاکستانی فوجیوں نے وحشیانہ طریقے سے دونوں جوانوں کی لاش کی بے حرمتی کی تھی ۔اس سے پہلے گزشتہ منگل کو مرکزی وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا کے ساتھ ہوئی ملاقات میں وادی میں طویل عرصے سے جاری بدامنی پر ناراضگی کا اظہار کیاتھا ۔ووہرا کے ساتھ ملاقات کے دوران، راج ناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے کئے گئے سنگین حملے پر بھی تبادلہ خیال کیاتھا، جہاں دوبھارتی فوجیوں کی لاشوں کے ساتھ بے حرمتی کی گئی تھی ۔