سرحد پار سے ہونے والے حملوں پر توجہ دے حکومت : توگڑیا

اورنگ آباد،مہاراشٹر،21مئی (یواین آئی) وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی ) کے کار گزار صدر پروین توگڑیا نے آج مرکزی حکومت سے کہا ہے وہ پاکستان کی طرف سے مسلسل ہورہے حملوں اور مسئلہ کشمیر سمیت ملک کے سامنے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرے۔ جل گاؤں اور اورنگ آباد کے دورے پر آئے ڈاکٹر توگڑیا نے یواین آئی سے کہا کہ حکومت کو بھی تین طلاق پر بحث کے بجائے کسانوں کی خودکشی ، بے روزگاری ، مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی طرف سے مسلسل ہندستانی سرحدوں اور جوانوں کو نشانہ بنائے جانے کے مسئلہ سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے کام کاج کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا لیکن کچھ اہم مسائل کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو انھیں ملک کے مفاد میں ترجیحی بنیاد پر حل کرنا چاہئے۔ کسانوں کی مسلسل خودکشی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تقریبا 52 فیصد کسان قرض کے بوجھ تلے دبے ہیں۔ ہرسال تقریبا بارہ ہزار کسان خودکشی کرتے ہیں جو باعث تشویش ہے۔