عظیم اتحاد کی حکومت سماجی اصلاحات کیلئے پابند عہد : نتیش

پورنیہ 03 مئی (نمائندہ): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سماجی اصلاحات کیلئے پابند عہد ہے۔ اصلاح کی بات تو سب لوگ کرتے ہیں مگر اس پر عمل کچھ ہی لوگ کرپاتے ہیں۔ بہار میں شراب بندی کے بعد اب ہم جہیز اور کم عمری کی شادی جیسی سماجی برائیوں کو دور کرنے کیلئے پوری ریاست میں زوردار مہم چلائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکمل شراب بندی کے دور رس اثرات نظر آنے لگے ہیں۔ وزیراعلیٰ آج پورنیہ ضلع کے بڑہرا کوٹھی بلاک کے تحت رستم پور پنچایت کے سکھاسن کوٹھی گاؤں میں ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سات عزائم میں شامل بیت الخلا کے استعمال ، پینے کے صاف پانی کی مدد سے 90 فیصد بیماریوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ حکومت کی سطح پر ویسٹ مینجمنٹ کی پہل بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر بجلی پروگرام کے تحت اس سال ہر آبادی تک بجلی پہنچائیں گے اور 2018 کے آخر تک ہر گھر میں بجلی مہیا کرادیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں اور اسے بچانے کی کوشش کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب بندی سے سماجی حالات میں بہتری آئی ہے۔ گھر کا ماحول بھی خوشنما ہوا ہے۔ دودھ، مٹھائی ،کپڑا ، سلائی مشین وغیرہ کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ لوگ کہتے تھے کہ شراب بندی سے سیاحت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لیکن تجربہ یہ بتاتا ہے کہ شراب بندی کے بعد دیسی سیاحوں کی تعداد میں 68 فیصد اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ شراب بندی کے بعد بہتر ٹیکس وصولی نظام کے ذریعہ گذشتہ سال کے مقابلے میں محصولات کی وصولی میں معمولی فرق آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی کے بعد اب ہم دھیرے دھیرے نشہ بندی کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر دھمداہا کی ایم ایل اے لیسی سنگھ ،نیرج کمار ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما کے علاوہ ضلع کے اعلیٰ سول اور پولس افسران موجود تھے۔