مانچسٹر میں خود کش بم دھماکہ، 22 افراد ہلاک

مانچسٹر، 23 مئی (رائٹر) برطانیہ کے شمالی شہر مانچسٹر میں کل رات ( ہندستانی وقت کے مطابق آج علی الصبح تقریبا تین بجے) امریکی گلوکارہ اریانا گرینڈے کے ایک پروگرام کے بعد ہونے والے بم دھماکے میں 22 افراد کی موت ہو گئی اور 59 دیگر زخمی ہو گئے۔ مانچسٹر کے چیف کانسٹیبل ایان ہاپکینز نے بتایا کہ مانچسٹر ایرینا میں ہونے والے اس بم دھماکے میں چند بچوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس حملے کے پیچھے ایک حملہ آور کا ہاتھ ہونے کا شبہ ہے جو ممکن ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “فی الحال ہمارا خیال ہے کہ کل رات کا حملہ صرف ایک شخص نے کیا۔ اب یہ تحقیقات کی جارہی ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اس نے خود بنائی یا وہ کسی دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ ہے”۔ انہوں نے کہا کہ “میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ حملہ آور ایرینا میں ہی مارا گیا”۔ اس سے قبل دھماکے میں 19 لوگوں کے مرنے کی خبر دی گئی تھی، لیکن تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتو ں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ عینی شاہدین نے مانچسٹر ایرینا میں گلوکارہ اریانا گرینڈے کے پروگرام کے دوران دھماکے کی تیز آواز سننے کی بات ۔دھماکہ کے بعد ایرینا کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ گلوکارہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔ بم دھماکے کے بعد پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے اسے خالی کرا لیا۔ جس جگہ یہ پروگرام ہو رہا تھا، وہاں 21 ہزار لوگوں کے جمع ہونے کی گنجائش ہے۔ احتیاطی طور پر ایرینا میدان کے نیچے مانچسٹر وکٹوریہ اسٹیشن سے ٹرین کی خدمات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یہاں کی شمالی ریلوے نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ مانچسٹر وکٹوریہ کے قریب ایک واقعہ ہونے سے تمام ہنگامی انتظامات وہاں کردیئے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں تمام لائنوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ اس بیچ خونخوار دہشت گرد تنظیم داعش نے پیر کو مینچیسٹر میں ہوئے حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ یہ حملہ جائے وقوع پر نصب دھماکہ خیز مادہ کے ذریعہ کیا گیا۔داعش نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کئے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ خلافت کے مجاہدین میں سے ایک نے مینچیسٹر میں صلیبی محاربین کے پروگرام میں بم نصب کردیا تھا۔ مانچسٹر پولیس کے مطابق امریکی گلوکارہ اریانا گرنیڈ ے کے پروگرام میں ہونے والے بم دھماکہ میں 22 افراد ہلاک اور 59 دیگر زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ برطانیہ کی وزیراعظم ٹریزا مے نے آج کہا کہ متعلقہ محکمہ اور افسران شمالی شہر مانچیسٹرمیں ہوئے بم دھماکے کی تفصیلی جانچ کررہے ہیں۔ محترمہ مے نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ اس بم دھماکے کو ایک بہت ہی بڑے دہشت گردانہ حملے کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ وزیراعظم مے اس دھماکے کے سلسلے میں بات چیت کیلئیبرطانیہ کی اعلی سکیورٹی کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔ اس سے پہلے برطانیہ کے شمالی شہر مانچیسٹرمیں امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈے کے ایک پروگرام کے دوران ہوئے بم دھماکے میں 19لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 50دیگر زخمی ہوگئے۔ برطانیہ کی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اس بم دھماکے میں متاثرہ لوگوں اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ہماری ہمدردی ہے اور پولیس اب بم دھماکے کی تفصیلی معلومات یکجا کررہی ہے۔تازہ ترین اطلاع کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے مانچسٹر میں پیر کی رات ہوئے خودکش دھماکے کے بعد سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انگلینڈ میں آئندہ ماہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور خواتین ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا ہے۔ مانچسٹر میں ہوئے اس خود کش دھماکے میں 22 افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ آئی سی سی نے ان دونوں ٹورنامنٹوں کے لئے سیکورٹی کے عزم کو دہرایا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہوگااور یہ مقابلے اوول، ایجبسٹن اور کارڈف میں منعقعد ہوں گے۔ خواتین ورلڈ کپ 24 جون سے شروع ہو گا اور اس کے میچ ڈربی، لیسسٹر، برسٹل اور ٹانٹن میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 23 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔ آئی سی سی نے منگل کو ایک بیان جاری کرکے کہا “ہماری ہمدردیاں اس حملے سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔ آئی سی سی اور ای سی بی کے لئے ان دونوں ٹورنامنٹوں میں سیکورٹی اولین ترجیح ہے۔ ” آئی سی سی نے کہا “ہم ٹورنامنٹ سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ، ای سی بی اور متعلق حکام کے مشورہ پر کام کرتے ہیں تاکہ دونوں ٹورنامنٹوں کے لئے پختہ سیکورٹی رہے۔ ہم آگے بھی حکام کے ساتھ سیکورٹی پر کام کرتے رہیں گے۔ عالمی ادارے نے کہا ” ہم سیکورٹی کی تیاریوں کی اولین ترجیح دے رہے ہیں اور ہم مسلسل اس کام میں مصروف ہیں۔