مجھے باہو بلی سے ڈر نہیں لگتا: سلمان خان

کچھ روز پہلے ہی ریلیز ہونے والی فلم ‘باہو بلی 2 – دی كنكلوژن’ نے باکس آفس پر انڈین فلم انڈسٹری کے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور پہلی بار اس نے ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے فلم ‘باہوبلی -2’ دیکھی تو نہیں ہے لیکن فلم کے اتنا بڑا بزنس کرنے سے انھیں کوئی خوف بھی نہیں ہے۔
ممبئی میں اپنی آنے والی فلم ‘ٹيوب لائٹ’ کے ٹریلر کے لانچ کے موقعے پر سلمان خان نے بہو بلی فلم پر اپنے خاص مسکراتے ہوئے انداز سے تبصرہ کیا۔
انھوں نے کہا: ‘باہو بلی چار سال میں بنی ہے اور اتنا کاروبار کر رہی ہے اور میں دو سال میں فلمیں کرتا ہوں تو چار سال میں میری فلموں کی کمائی کی اوسط نکالیں تو تقریباً اتنا ہی ہو گا۔’
فلم ‘ٹيوب لائٹ’ کا ٹیزر اور اس کے نغمے لوگوں کو کافی پسند آ رہے ہیں۔ لیکن سلمان خان جب بھی اس فلم کا ٹریلر یا ٹیزر دیکھتے ہیں تو وہ اداس ہو جاتے ہیں۔
اس تکلیف کی وجہ اداکار اوم پوری ہیں جن کا اس برس کے آغاز میں دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال ہو گیا تھا۔
اوم پوری اور سلمان خان نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ فلم ‘ٹيوب لائٹ’ میں بھی اوم پوری نے اہم کردار نبھایا تھا۔
سلمان خان سے جب پوچھا گیا کہ انھیں فلم ‘ٹيوب لائٹ’ کا ٹریلر اور ٹیزر کیسا لگا تو انھوں نے کہا: ‘جب بھی اسے دیکھتا ہوں تو اوم پوری جی کی یاد آ جاتی ہے۔ میں نے ان کے ساتھ فلم کی ہے اور اچانک ایک صبح وہ چل بسے۔ مجھے اس کی بہت تکلیف ہے۔’
اس موقعے پر سلمان خان نے کہا کہ فلم ‘ٹيوب لائٹ’ انھیں اگرچہ جسمانی مشقت نہ کرنی پڑی ہو تاہم جذباتی طور پر فلم نے انھیں تھکا دیا تھا۔
فلم کی ڈبنگ کے دوران جذباتی مناظر میں سلمان خان جذباتی ہو گئے اور رونے لگے۔ لوگوں کے سامنے جذبات پر قابو نہ پانے کی وجہ سے وہ شرمندگی بھی محسوس کر رہے تھے۔
اس شرمندگی کی وجہ بتاتے ہوئے سلمان خان نے اپنی قید کے دوران کا ایک جذباتی قصہ بیان کیا۔
انھوں نے بتایا: ‘جب میں جیل میں تھا تب ماں، باپ اور بیجو چچا مجھ سے ملنے آئے تھے۔ انھیں مجھے اس حالت میں دیکھ کر تکلیف ہو رہی تھی لیکن والد صاحب صرف مسکرائے۔ وہیں بیجو چچا رونے لگے اس پر ڈیڈ نے چاچو سے کہا: ‘کس طرح کے پٹھان ہو، تم باہر جاؤ۔’
’ٹیوب لائٹ‘ کی ہدایات کبیر خان نے دی ہیں اور یہ 25 جون کو عید کے موقعے پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔