ممبئی انڈینز کو شکست: پونے آئی پی ایل فائنل میں

انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے کوالیفائر میں رائزنگ پونے سپر جائنٹس نے ممبئی انڈینز کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فیورٹ مبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اس یہ فیصلہ ابتدا میں اس وقت درست ثابت ہوا جب نو کے مجموعی اسکور پر راہل ٹری پاتھی اور کپتان اسٹیون اسمتھ پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر اجنکیا راہانے اور منوج تیواری نے 80 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا، راہانے 56 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ اس کے بعد مہندرا سنگھ دھونی وکٹ پر آئے اور ٹری پاتھی کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھاتے ابتدائی طور پر محتاط انداز اختیار کرنے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے آخری دو اوورز میں 41 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 162 رنز کے قابل قدر مجموعے تک رسائی دلائی، تیواری اننگز کی آخری گیند پر 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ دھونی نے پانچ چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں پارتھیو پٹیل نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر لینڈل سمنز کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ایک اینڈ سے پارتھیو نے جارحانہ بیٹنگ جاری کی لیکن دوسرے اینڈ سے بلے باز یکے بعد دیگر پویلین لوٹتے رہے جس کے سبب ممبئی کی میچ پر گرفت پڑتی رہی۔ لینڈ سمنز پانچ، روہت شرما ایک، امبتی رائڈو صفر، کیرون پولارڈ سات ہردک پانڈیا 14 اور کرونال پانڈیا 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ ممبئی کی ٹیم کی تمام تر امیدیں پارتھیو پٹیل سے ہی وابستہ تھیں لیکن 52 رنز بنانے والے بلے باز کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی میزبان ٹیم کی جیت کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ ممبئی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 142 رنز بنا سکی اور ہوم گراؤنڈ پر 20 رنز سے شکست سے دوچار ہوئی جس کے ساتھ پونے نے ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔