موبائل ریڈیشن کا انسانی جسم پر کوئی منفی اثر نہیں : سنہا

نئی دہلی، 2مئی (یواین آئی) وزیر مواصلات منوج سنہا نے موبائل ریڈیشن کے انسانی صحت پر کسی طرح کامنفی اثرہونے کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایسا کوئی بھی مطالعہ نہیں ہے جو اس کی تصدیق کر سکے ۔مسٹر سنہا نے ٹیلی کمیونیکیشن محکمہ کے موبائل ٹاوروں اور ای ایم ایف اخراج کی تعمیل سے متعلق اطلاعات کا اشتراک کرنے والے ویب پورٹل ”ترنگ سنچار” کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ٹاوروں سے نکلنے والے ریڈیشن کا انسانی صحت پر کوئی برعکس اثر نہیں پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی صحت تنظیم سمیت کئی دیگر اہم تنظیموں نے اس سلسلے میں مطالعہ کیا ہے لیکن کسی بھی مطالعہ میں اس کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص موبائل ٹاوروں سے نکلنے والی شعاؤں کا اپنی صحت پر پڑنے والے اثرات کی تحقیقات کرانا چاہے تو اس کے لیے چار ہزار روپے کی فیس ادا کرنی ہوگی۔مسٹر سنہا نے کہا کہ ترنگ سنچار پورٹل کے آغاز سے ٹاوروں اور ان سے ہونے والے اخراج کے بارے میں معلومات دینے کے ساتھ ہی ان کے سلسلے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گا انہوں نے کہا کہ یہ پورٹل کسی خاص مقام پر نصب ٹاوروں کے بارے میں بھی معلومات دے گا اور یہ بھی بتائے گا کی ان ٹاوروں کی طرف سے مقرر ای ایم ایف اخراج کے معیار پرعمل کیا جا رہا ہے کہ نہیں۔اس موقع پر ٹیلی کمیونیکیشن سیکرٹری پی پجاری اور ٹرائی کے صدر آر ایس شرما سمیت وزارت سے منسلک دیگر افسران موجود تھے ۔