مودی اپنے غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں برلن پہنچے

نئی دہلی، 29 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی جرمنی،ا سپین، روس اور فرانس کے ایک ہفتے کے اہم دورے پر آج صبح روانہ ہو گئے ۔وزیر اعظم صبح تقریبا 11:15 بجے روانہ ہوئے اور وہ شام تقریبا 07:15 بجے جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچ گئے ۔ مسٹر مودی کے ساتھ مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، توانائی کے وزیر پیوش گوئل، وزیر تجارت نرملا سیتا رمن اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ ایم جے اکبر بھی جا رہے ہیں۔اپنے دورے سے قبل مسٹر مودی نے کل یہاں جاری ایک بیان میں کہا، “میں 29 اور 30 مئی کو جرمنی کے دورے پر رہوں گا۔ہندوستان اور جرمنی بڑی جمہوریتیں ہیں اور عالمی اور علاقائی سطح پر دونوں ممالک کا اہم کردار ہے ۔ دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری جمہوری اقدار پر مبنی ہے اور ہندوستان کے لئے جرمنی ترقی کی راہ پر اہم پارٹنر ہے ۔ ” جرمنی پہنچنے پر وہاں کی چانسلر انجیلا مرکیل اپنی سرکاری رہائش میسے برگ کنٹری ریٹریٹ میں مسٹر مودی کا استقبال کریں گی اور دونوں رہنما باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے ۔30 مئی کو چانسلر اور وزیر اعظم چوتھے ‘ہند ۔جرمني بین حکومتی مشاورت’ کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔اس کے بعد دونوں لیڈران ایک تجارتی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ اسی شام مسٹر مودی جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹیمیر سے بھی ملاقات کریں گے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ جرمنی میں وہ چانسلر مرکل کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس دوران کاروبار، سرمایہ کاری، سیکورٹی، دہشت گردی کے مسائل، سائنس اور تکنیکی امور ، اسکل ڈولپمنٹ جیسے مسائل پربات چیت ہو گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے جرمنی کے ساتھ باہمی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے ۔