مودی نے ملک کے سب سے طویل پل کا افتتاح کیا

گوہاٹی، 26 مئی (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام میں برہمپتر ندی پر تعمیر شدہ ملک کے سب سے طویل پل ڈھولا۔سعدیہ پل کا آج افتتاح کیا۔ مسٹر مودی نے پل کے ڈھولا کنارے پر ربن کاٹ کر پل کا رسمی افتتاح کیا۔ انہوں نے افتتاح کے بعد سیکورٹی گارڈوں کے بغیر پل پر تقریبا دو منٹ تک سیر کی اور پل کے نیچے برہمپتر ندی کے خوبصورت نظارہ کا لطف اٹھایا۔ اروناچل پردیش کی سرحد سے ملحق علاقے میں برہمپتر ندی پرتعمیر 9.15 کلو میٹر طویل یہ پل ایشیا کا دوسرا سب سے لمبا پل ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ سڑک ، ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری، آسام کے گورنر بنواری لال پروہت اور وزیر اعلی سروانند سونووال بھی موجود تھے۔ ان تمام لوگوں نے گاڑی میں سوار ہوکر پل پر سفر کرنے کا لطف بھی اٹھایا۔ اس کے بعد مسٹر مودی گاڑی سے اترے اور کچھ دور تک چہل قدمی کی۔ انہوں نے تمام معزز شخصیات کے ساتھ کچھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔ یہ پل آسام کے دوردراز مشرقی علاقے اور اروناچل پردیش کے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑے گا ، جو ابھی تک کشتیوں کے ذریعے کہیں بھی آنے جانے کے لئے مجبور تھے۔ یہ پل آسام کے دارالحکومت دسپور سے 540 کلومیٹر اور اروناچل پردیش کے دارالحکومت آٹانگر سے 300 کلومیٹر دور ہے۔ چینی سرحد سے اس پل کا ہوائی فاصلہ 100 کلومیٹر سے بھی کم ہے۔ اس پل کی تعمیر کا کام 2011 میں شروع ہوا تھا اور اس کی تعمیر پر 2000 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ یہ شمال مشرق میں سڑک ، ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کی وزارت کا انتہائی اہم پروجکٹ تھا جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔