میسا بھارتی اور ان کے شوہر کو محکمہ انکم ٹیکس کا سمن

پٹنہ 24 مئی (اسٹاف رپورٹر): راجد سپریمو لالو پرساد کی بڑی بیٹی میسا بھارتی اور داماد شیلیش کو محکمہ انکم ٹیکس نے سمن بھیجا ہے۔ سمن کے مطابق 6 جون کو میسا بھارتی کو دہلی واقع انکم ٹیکس محکمہ کے ہیڈکوارٹر میں جانا ہے، جہاں ان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ جبکہ شیلیش 7جون کو انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ جائیں گے اور پوچھ تاچھ کا سامنا کریں گے۔ قابل ذکرہے کہ کل میسا بھارتی کے سی اے راجیش اگروال کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد ریمانڈ پر لے کر اس سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی ہے اور اب میسا بھارتی اور شیلیش کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔ راجیش اگروال کی گرفتاری 8ہزار کروڑ کے گھوٹالے کے معاملے میں ہوئی ہے۔ ان پر میسا بھارتی کو رقم مہیا کرانے کابھی الزام ہے۔ میسا کی کمپنی مشیل پیکرس اینڈ پرنٹرس کو انٹری بھی دلائی تھی۔ دراصل اس معاملے میں کئی بڑے لوگوں کو کمیشن لے کر شیل کمپنیوں کے ذریعہ انٹری دلائی گئی تھی۔ اس میں جگت پروجیکٹس کو بھی 62 کروڑ کی زیادہ کی انٹری دلانے کا الزام ہے۔ اس معاملے میں ایس کے جین اور وی کے جین کی پہلے ہی گرفتاری ہوچکی ہے۔ دونوں ابھی جیل میں ہیں، ای ڈی نے دونوں کے خلاف گذشتہ ہفتہ چارج شیٹ داخل کی تھی۔