میں 2019میں وزیر اعظم کے عہدے کا دعویدارنہیں : نتیش

پٹنہ، 15؍مئی (اسٹاف رپورٹر): وزیر اعلی نتیش کمار نے صاف کر دیا ہے کہ وہ 2019کے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار نہیں ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی میں ملک کے لوگوں کو صلاحیت نظر آئی، اس لیے آج وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں، جس کی قابلیت کو لوگ پہچانیں گے ، وہ ملک کا وزیر اعظم ہو گا ۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں وزیر اعظم کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔وزیراعلیٰ آج لوک سنواد پروگرام کے بعد میڈیا سے خطاب کررہے تھے۔ صحافیوں کے سوال پر نتیش کمار نے کہاکہ ہم اتنے بے وقوف نہیں ہیں،شرد جی صدر نہیں بن سکتے تھے، ہم پارٹی کے صدر بن گئے، تو اسے میرے قومی عزائم کے طور پر دیکھا جانے لگا۔انہوں نے کہاکہ میں 2019کے لیے وزیر اعظم کے عہدے کا دعویدار نہیں ہوں،میری پارٹی چھوٹی ہے،جس میں صلاحیت ہوگی ، وہ وزیر اعظم ہوگا۔نتیش نے آگے کہا کہ پانچ سال پہلے کس نے سوچا تھا کہ مودی وزیر اعظم ہوں گے، لیکن عوام کو ان میں صلاحیت نظر آئی اور آج وہ وزیر اعظم ہیں، جس میں صلاحیت ہو گی ، وہ 2019میں آگے آئے گا۔صدر پرنب مکھرجی کو دوبارہ صدر بنائے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر نتیش کمار نے کہاکہ اس سے اچھی بات اور کیا ہو سکتی ہے، یہ تو مرکزی حکومت کو سوچنا ہے۔آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کی پراپرٹی کے معاملے میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ لالو جی اور رابڑی جی نے الزامات کا جواب دے دیا ہے۔ اگر اس سے سشیل مودی مطمئن نہیں ہیں اور ان کے پاس کافی ثبوت ہیں تو وہ قانون کا سہارا لیں۔ مجھے کوئی بیان دینے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ غورطلب ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے آر جے ڈی صدر لالو یادو اور ان کے خاندان کے ارکان پر اپنے عہدے کا غلط استعمال کر کے جائیداد حاصل کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں، اس معاملے میں نتیش کمار نے پہلی بار بیان دیا ہے۔جانچ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جانچ کا اختیار ریاست نہیں مرکزی حکومت کے پاس ہے، اس لیے سشیل مودی کو خود اپنی حکومت سے سفارش کرنی چاہیے ۔