نالا صفائی کے دوران دو مزدوروں کی موت

پٹنہ، 3مئی (اسٹاف رپورٹر)۔ آئی ٹی چوراہے پر دو صفائی ملازمین کی نالے کی صفائی کرنے کے دوران دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ اس کو لے کر پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاع ملتے ہی آس پاس کے صفائی ملازمین بھی آئی ٹی چوراہے پر پہنچ گئے۔ پٹنہ کے انکم ٹیکس گولمبر پر واقع نالے (چیمبر) کی صفائی کرنے کے لئے ایک مزدور بدھ کی صبح نالے میں داخل ہوا۔ صفائی ملازم کے باہر نکلنے میں دیر ہونے پر اس کا ساتھی بھی اسے دیکھنے اندر داخل ہو گیا۔ لیکن کچھ دیر تک جب وہ باہر نہیں نکلا تو آس پاس میں کھلبلی مچ گئی۔ صفائی اہلکاروں کو نکالنے کے لئے ایک پولیس اہلکار خود چیمبر میں اترا لیکن وہ بھی زہریلی گیس سے بے ہوش ہوتے ہوتے بچا۔ اس کے بعد صفائی اہلکاروں کو بچانے کے لئے پاس کے گارڈنر ہسپتال سے آکسیجن منگوایا گیا لیکن پائپ چھوٹی پڑ گئی۔ اس دوران 2 مقامی باشندوں نے اندر گھس کر پولیس کی ہتھکڑی کی رسی کو مزدوروں میں باندھنے کی کوشش کی، لیکن زہریلی گیس کے آگے وہ بھی ناکام ہو گئے۔ اس کے بعد پولیس اہلکاروں کے تعاون سے مزدوروں کو کافی مشقت کے بعد باہر نکالا گیا۔ فوراً دونوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دونوں کی موت ہو گئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دونوں مزدوروں کی موت نالے میں دم گھٹنے کی وجہ سے ہو گئی۔ مرنے والے صفائی ملازمین کا نام دیپو چودھری اور جتندر پاسوان بتایا جاتا ہے۔