پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دینے کی ضرورت : پاسوان

نئی دہلی،4 مئی (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (LJP) کے سربراہ اور وزیر خوراک رام ولاس پاسوان نے دو جوانوں کے ساتھ بربریت پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے آج کہا ہے کہ پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا جانا چاہیے اور فوج کو اس کے لیے بھر پور اختیار ملنے چاہیے۔مسٹر پاسوان نے یہاں پریس کلب میں ’’پریس سے ملئے‘‘ پروگرام میں کہا کہ کشمیر کی صورتحال پہلے کے مقابلے کافی خراب ہوئی ہے اور پاکستان کے سیکورٹی جواں جس طرح کی بربریت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس سے واضح ہوگیا ہے کہ اب بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کے بجائے پڑوسی ملک کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلہ کا حل پاکستان سے بات چیت سے نہیں ہوسکتا۔رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے تعلق سے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور اس سلسلے میں شیوسینا لیڈر ادھو ٹھاکرے جو بیان دے رہے ہیں وہ غلط ہے۔مسٹر پاسوان نے یہاں پریس کلب میں ‘پریس سے ملیے’ پروگرام میں مسٹر مودی کی قیادت پر زبردست اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف 2019 بلکہ 2024 کے عام انتخابات کے بعد بھی اس عہدے پر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے لیڈروں کی گزشتہ ماہ ہوئی میٹنگ میں قرارداد منظور کرکے کہا گیا تھا کہ دو سال بعد ہونے والا لوک سبھا انتخابات مسٹر مودی کی قیادت میں ہی لڑا جائے گا۔