پٹنہ ہائی کورٹ سے ریاستی حکومت کو جھٹکا

پٹنہ ہائی کورٹ سے ریاستی حکومت کو جھٹکا
پٹنہ 17 مئی (اسٹاف رپورٹر): پٹنہ ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو ایک بڑا جھٹکا دیا ہے۔ کورٹ نے وزیراعلیٰ کے سات عزائم میں سے دو عزائم نل ،جل اور نالی گلی منصوبوں کو پنچایتوں کے دائرہ اختیار سے چھننے کے حکم کو رد کردیاہے۔ بہار مکھیا مہاسنگھ اور دیگر کی طرف سے دائر عرضیوں پر چیف جسٹس راجندر مینن کی بنچ نے سماعت کر فیصلہ محفوظ رکھا تھا، جس سے بدھ کے روز سنوائی ہوئی۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ جولائی۔ اگست میں 14 ویں فائنانس کمیشن کے ذریعہ دی گئی رقم کا 80 فیصد رقم ان دونوں منصوبوں پر خرچ کرنے کاحکم دیا تھا۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت نے وارڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کی بھی تشکیل کی تھی۔ جنہیں ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا ذمہ سونپا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف ریاست کے مکھیا مہاسنگھ کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ کورٹ نے ریاستی حکومت کے دونوں احکامات کو رد کرتے ہوئے ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پنچایتوں کو اختیار دیا ہے۔ کورٹ کے اس فیصلے کو حکومت کیلئے بڑا جھٹکا مانا جارہا ہے۔