گڈ گورنینس کیلئے جوابدہی طے ہونا ضروری : کجریوال

نئی دہلی، 30 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ جوابدھي کا تعین گڈ گورننس کی بنیاد ہے ۔ایسے میں اگر کچھ بھی غلط ہوتا ہے تو کسی نہ کسی کو اس کا جوابدہ بنانا ہوگا۔مسٹراروند کیجریوال کا یہ بیان ان پر حال ہی میں کرپشن اور کنبہ پروری کے الزامات لگائے جانے کے درمیان آیا ہے ۔ انہوں نے آج ٹویٹرپر کہا کہ گڈ گورننس چاہئے تو اس کے لئے جوابدہی بھی طے کرنی پڑے گی تاکہ کبھی کچھ غلط ہو یا پھر کسی کام میں کوئی کوتاہی برتی گئی ہو تو کسی کو اس کے لئے جوابدہ قرار دیا جا سکے ۔تاہم، مسٹر کیجریوال نے کسی کوتاہی یا غلطی کے لئے جوابدہ ٹھہرائے جانے کے سلسلے میں کسی شخص کا نام نہیں لیا۔ ایسے میں یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ان کا یہ بیان دہلی کے ایک اسپتال کو ادویات کی فراہمی کرنے والے ایک شخص کی اس شکایت پر آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسے ادویات کے بل کا پیسہ ابھی تک نہیں ملا ہے ۔ وزیر اعلی نے اس شکایت پر صحت سکریٹری سے 24 گھنٹے کے اندر جواب طلب کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ریاست کے برخاست وزیر کپّل مشرا پہلے ہی یہ الزام لگا چکے ہیں کہ محکمہ صحت میں وسیع سطح پر بدعنوانی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس میں بالواسطہ طور پر مسٹر کیجریوال اور وزیر صحت ستیندر جین کے ملوث ہونے کی بات بھی کہی ہے ۔