اردو | हिन्दी | English
201 Views
Science

بچوں کا مسلسل ٹی وی دیکھنا ان میں موٹاپے کا سبب بنتا ہے: تحقیق

bachchon ka
Written by Taasir Newspaper

لندن: بچوں کا اپنے بیڈ روم میں مسلسل ٹی وی دیکھنا ان میں موٹاپے کا باعث بنتا ہے جس کا زیادہ امکان لڑکیوں میں پایا جاتا ہے۔ یونیورسٹی کالج لندن میں کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن لڑکیوں کے کمرے میں ٹیلی ویڑن ہوتا ہے ان میں موٹے ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں جبکہ یہی خطرہ لڑکیوں کی نسبت لڑکوں میں کم پایا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق 7 سال تک عمر کی لڑکیوں کے کمرے میں ٹی وی کی موجودگی سے ان میں موٹاپے کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس اسی عمر میں لڑکوں کے کمرے میں ٹی وی سے ان میں موٹاپے اور وزن کی زیادتی کا خطرہ 20 فیصد تک ہوتا ہے۔ تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر انجنا ہیلمن کا کہنا ہیکہ ان کی تحقیق اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ کم عمر لڑکے لڑکیوں کے کمروں میں ٹی وی کی موجودگی چند سال بعد ان میں موٹاپے اور وزن کی زیادتی کا سبب بن جاتی ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ جن لڑکیوں کا وزن پہلے سے زیادہ تھا وہ مسلسل ٹی وی دیکھنے سے مزید بڑھا جب کہ زیادہ وزن والے لڑکوں میں ایسی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔ ڈاکٹر ہیلمن کے مطابق اس کی اہم وجہ لڑکوں کا لڑکیوں کے مقابلے میں جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہونا ہے کیونکہ لڑکے ٹی وی دیکھتے وقت اچھل کود کرتے ہیں جب کہ لڑکیاں ایک جگہ ساکت ہوکر ٹی وی میں گم رہتی ہیں۔محقق نے خدشہ ظاہر کیا ہیکہ اس خطرے کا سبب بننے کی اہم وجہ نیند کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بچوں کے کمرے میں ٹی وی موجود ہو تو وہ نیند کی پرواہ کیے بغیر رات گئے تک اسے دیکھتے ہیں۔ اس حوالے سے دیگر تحقیقات میں بھی نیند کی کمی کو موٹاپے یا وزن کی زیادتی کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔اسی لیے ماہرین نے مشورہ دیا ہیکہ جن بچوں کے کمرے میں ٹی وی موجود ہو ان کے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں پر کڑی نگرانی رکھیں اور انہیں رات دیر تک ٹی وی دیکھنے سے منع کریں۔

About the author

Taasir Newspaper