اردو | हिन्दी | English
287 Views
Science

بیکٹریا سے مقابلے کے لیے ہزار گنا زیادہ طاقتور اینٹی بائیوٹک تیار

antibiotic
Written by Taasir Newspaper

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے اینٹی بائیوٹک ادویات کی ایک نئی قسم دریافت کر لی ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ایسے جراثیم کے خلاف ہماری جنگ کو بڑھائے گی جن پر پہلے سے موجود ادویات کا اثر نہیں ہوتا۔ دنیا کی آبادی کی صحت کو لاحق خطرات میں ایک بڑا خطرہ ایسے جراثیم ہیں جن پر کسی قسم کی ادویات اثر نہ کریں۔ گذشتہ فروری میں عالمی ادارہ صحت نے ایسے جراثیم کی فہرست جاری کی تھی جن پر ادویات کا اثر نہیں ہو رہا اور وہ انسانی صحت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ امریکہ میں محققین نے پہلے سے موجود ایک دوا وینکومائسین میں بہتری لائی ہے اور اسے ایک ہزار گنا زیادہ طاقتور بنا دیا ہے۔ یہ اینٹی بایوٹک بیکٹریا پر تین مختلف طریقوں سے حملہ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ اس کے اندر ایسی صلاحیت موجود ہے کہ جراثیم کو اس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ وینکومائسین کی یہ نئی قسم اگلے پانچ برس میں تیار کر دی جائے گی۔ عام وینکومائسین پیشاب کی نالی میں انفیکشن اور زخموں میں انفیکشن کا باعث بننے والے عام جراثیم کا علاج کرنے کی صلاحیت بھی کھو رہی ہے۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یورپ اور امریکہ میں ہر سال 50 ہزار افراد اینٹی بائیٹوٹکس کے خلاف مدافعت کے باعث موت کے منھ میں چلے جاتے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper