کھیل

گنگولی کی کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ دینے کی نصیحت

Profile photo of Dr.Mohammad Gauhar
Written by Dr.Mohammad Gauhar

لندن، 3 جون (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی کرکٹ صلاح کار کمیٹی کے رکن سابق کپتان سوربھ گنگولی نے کوچ انل کمبلے اور کپتان وراٹ کوہلی کے مابین موجودہ تنازعہ کے دوران کوچ سمیت تمام کھلاڑیوں کو پرسکون رہنے اور صرف کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کی نصیحت دی ہے ۔گزشتہ چمپئن ہندوستان کو چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا مقابلہ اتوار کو اپنے دیرینہ حریف پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے اور اس سے قبل کوچ اور کپتان کے موجودہ تنازعہ نے ٹیم کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے ۔ گنگولی نے کہا ”آپ سبھی پیشہ ورانہ کرکٹ کھیل رہے ہیں اور بہت سی چیزیں آپسی بات چیت سے حل کرلینی چاہئیں۔ آپ کوچ اور کپتان کے طور پر ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ آپ کو خود کو پرسکون رکھنا چاہیے اور صرف کھیل پر ہی توجہ دینی چاہیے ”۔اس دوران اس بات کی بھی افواہ تھی کہ سابق اوپنر نے یہاں ہوٹل میں کپتان وراٹ کوہلی سے ملاقات بھی کی تھی لیکن گنگولی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ”میں صبح آٹھ بجے کے قریب میدان پر گیا تھا۔ میں وہاں کھلاڑیوں اور کپتان سے بات چیت کرنے گیا تھا۔ میں وراٹ سے ھوٹل میں نہیں ملا اور نہ ہی اس کی کوئی ضرورت تھی”۔گنگولی نے کہا ”کپتان سمیت سبھی کھلاڑیوں کو اس اہم ٹورنامنٹ سے قبل اپنے آپ کو تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ کرکٹ سے الگ سبھی باتوں کو پیچھے چھوڑ کر انہیں صرف کھیل پر ہی توجہ دینی چاہیے ”۔ سابق کپتان نے کوچ کے طور پر کمبلے کے مستقبل پر کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔

About the author

Profile photo of Dr.Mohammad Gauhar

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir

Skip to toolbar