اکزیکٹیو انجینئر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم

رانچی، 20جون (معیز الدین خان)۔ وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری سنیل کمار برنوال نے دھنباد کے نوڈل افسر کو لاپرواہ ایگزیکٹیو انجینئر کے خلاف فارم الف تشکیل کر محکمہ جاتی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے انجینئروں کی ذمہ داری کو یقینی بنانے کو کہا۔ واضح ہو کہ دھنباد ضلع کے توپ چانچی بلاک واقع لکھن پور میں پی ایچ ای ڈی کے ذریعہ دو سال پہلے پانی ٹنکی کی تعمیر کی گئی تھی۔ پائپ لائن بھی بچھائی گئی لیکن پینے کے پانی کی سپلائی آج تک شروع نہیں ہوئی ہے۔ مسٹر برنوال آج انفارمیشن بلڈنگ آڈیٹوریم میں وزیر اعلیٰ جن سمواد مرکز میں درج شکایات کا جائزہ لے رہے تھے۔ کل نو شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ موقع پر اطلاعات و تعلقات عامہ محکمہ کے ڈائریکٹر راجیو لوچن بخشی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔وزیر اعلیٰ کے سکریٹری نے گڑھوا ضلع کے نوڈل افسر کو ہدایت دی کہ گڑھوا بی ڈی او کی تنخواہ سے درخواست گزار فریاد شیخ کو خشک سالی ریلیف کی رقم 11,260روپے ادا کرائیں۔ ایک ہفتے کے اندر تعمیل کو یقینی کراتے ہوئے رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ بی ڈی او کے ذریعہ لاپروائی برتتے ہوئے پانچ ماہ بعد صرف یہ رپورٹ کی گئی کہ کسی دوسرے کے اکاؤنٹ میں رقم کی ادائیگی کرنے میں کمپیوٹر آپریٹر کی غلطی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ کے سکریٹری نے رانچی یونیورسٹی کے اس افسر کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی ہے جس کی لاپرواہی کی وجہ سے بیڑو ۔1 کے نئے پرائمری اسکول، ہانٹھو کی پارا ٹیچر پنچمی کماری کو سال بھر سے اعزازیہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔واضح ہو کہ رانچی کے ڈورنڈا کالج سے انٹرمیڈیٹ پاس پارا ٹیچر کے سرٹیفکیٹ میں رجسٹر نمبر چھوٹ گیا تھا۔ اس کی وجہ بی ای ای او کے ذریعہ مئی 2016 سے ٹیچر کا اعزازیہ روک دیا گیا ہے۔ رجسٹر کے توثیق میں یونیورسٹی کے ذریعہ کافی لاپرواہی برتی گئی ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم محکمہ کے نوڈل افسر کو ہدایت دی کہ یونیورسٹی میں سروس کا حق کے تحت ذمہ داری طے کر تعمیل کو یقینی کراتے ہوئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو اطلاع دیں۔ لاتیہار ضلع کے نگر پنچایت انتخابات ۔2013 میں دیپک رنجن کے ذریعہ ضلع الیکشن شاخ میں اسٹیشنری کی سپلائی کی گئی تھی۔ پوری رقم اب تک ادا نہیں کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے سکریٹری نے ضلع نوڈل افسر کو ایک ہفتے میں رقم ادا ئیگی یقینی کرانے کو کہا۔ رام گڑھ ضلع میں مرلی دھر پرساد کے ذریعہ زمین کا میوٹیشن کرانے کے باوجود رقبہ نہیں گھٹائے جانے کی وجہ سے ان کے اور باڑھو ساؤ، دونوں کے نام سے رسید جاری ہو رہی تھی۔ مسٹر برنوال نے ایل آر ڈی سی کو رجسٹر ۔2 میں سدھار سمیت دیگر کام نمٹانے کی ہدایت دی۔