بارش کے درمیان ووٹروں نے دکھایا جوش

پھلواری شریف، 7جون (پرویز عالم)۔ پٹنہ کے پھلواری شریف نگر پریشد کے 25 وارڈوں کے لئے ووٹنگ شروع ہونے کے آدھے گھنٹے پہلے ہوئی موسلادھار بارش کے باوجود بھی ووٹروں کے جوش میں کمی نہیں دکھی۔ رمضان ماہ میں بھی بوتھوں پر بھاری تعداد میں امنڈے روزے دار ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پہنچے۔پردہ نشیں خواتین نے بھی گھنٹوں لائن میں لگ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر جمہوریت کے تئیں عقیدت کا اظہار کیا۔ بارش کی وجہ سے ووٹنگ مراکز پر سہولیات کا زبردست فقدان دیکھنے کو ملا۔ اس کے باوجود بھی ووٹ ڈالنے کے لئے بوتھوں پر ووٹروں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ پولنگ بوتھوں پر پانی بھرا رہا لیکن ووٹنگ کے تئیں جوش ایسا کہ پانی میں کھڑے ہو کر ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ بارش کی وجہ سے کہیں کہیں ووٹنگ کے عمل میں خلل بھی پیدا ہوا لیکن ووٹنگ جاری رہی۔ نگر پریشد کی جانب سے بارش کا جمع پانی نکالنے کے لئے سیکشن مشین کا استعمال کر پولنگ مراکز اور سڑکوں پر جمع پانی کو بھی نکالا جاتا رہا تاکہ ووٹروں کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔ چنوتی کنواں میں وارڈ نمبر 19 کے پولنگ مرکز ملت اردو مڈل اسکول کے دونوں بوتھوں پر پولنگ بوتھ کے اندر ووٹنگ عملے پانی میں ہی ٹیبل لگا کر پولنگ کرانے کو مجبور دکھائی دیے ۔ بارش کی وجہ سے پولنگ بوتھ پر حالات کچھ ایسے بگڑے کہ بجلی بھی چلی گئی تو اس دوران ٹارچ کی مدد سے ووٹنگ کرائی گئی۔ حالانکہ اتنی مشکلات کے بعد بھی پولنگ فیصد مسلسل بڑھتا گیا ۔ پھلواری شریف میں صبح 10 بجے تک 20 فیصد اور دوپہر ڈیڑھ بجے کے بعد تک 39 فیصد پولنگ ہو چکی تھی۔ عیسو پور نہر پر واقع وارڈ نمبر 16 کے پولنگ مرکز نمبر 86 ا اور ب میں بھی پنڈال لگا کر بارش سے ووٹروں کو بچانے کی کوشش کی جاتی رہی ۔ ٹمٹم پڑاؤ کے پاس وارڈ نمبر چار میں چلنت پولنگ مرکز سڑک کنارے بنایا گیا تھا جہاں بارش میں چھتری لے کر لوگوں کو پولنگ کرتے دیکھا گیا ۔وہیں وارڈ نمبر 16 کے پولنگ مرکز نمبر 86 ا اور ب بنایا گیا تھا، جہاں دوپہر میں ووٹ ڈالنے آئی خورشیدہ خاتون اور محمد مصطفی نے بتایا کہ ان کا ووٹ پہلے ہی کسی نے گرا دیا جس سے انہیں ووٹنگ نہیں کرنے دیا گیا ۔ نگرپریشد پھلواری شریف میں ووٹنگ کو پرامن طور پر اختتام پذیر کرانے کے لئے الیکشن آبزرور کے علاوہ مجسٹریٹ راجیو موہن سہائے، بی ڈی او شمشیر ملک، سی او ارون کمار، اے ایس پی راکیش کمار، ٹرینی آئی پی ایس مع ایس ایچ او یوگیندر کمار، پولیس انسپکٹر دھرمیندر کمار پوری ٹیم کے ساتھ مسلسل علاقے میں گھوم گھوم کر سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔وارڈ نمبر 10 کے امیدوار سدھیر کمار سنگھ نے انتظامیہ پر الزام لگایا کہ انتظامیہ نے ووٹنگ شروع ہوتے ہی تھانے بلا کر بٹھا لیا۔ ہارون نگر میں واقع وارڈ نمبر 9 کے کمیونٹی ہال میں مثالی بوتھ پر ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر سنجے کمار اگروال بھی ووٹروں کا جوش بڑھانے پہنچے ۔