بالاگھاٹ : پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ، 17لاشیں برآمد

بالاگھاٹ، 7؍جون(آئی این ایس انڈیا )ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباََ10کلومیٹر دور واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں بدھ کی شام کو دھماکہ ہوگیا ۔اس حادثے میں پٹاخہ فیکٹری میں کام کرنے والے لوگوں میں سے 27لوگوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، حالانکہ راحت اور بچاؤ آپریشن میں مصروف حکام کے مطابق اب تک 17لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ،یہ حادثہ بدھ کی شام کو 4بجے گرام پنچایت کھیری میں بجیر پٹاخہ دکان کے نام سے چل رہی فیکٹری میں ہوا، یہ فیکٹری مستقل پٹاخہ دکان کے لائسنس پر چل رہی تھی۔عینی شاہدین کے مطابق ،دھماکے کے ساتھ ہی فیکٹری میں کام کر رہے تین مزدور اچھل کر باہر آ گرے۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ فیکٹری کی دیواروں کے پرخچے اڑ گئے۔ماہرین کے مطابق ،حادثے کے وقت فیکٹری میں 30لوگ کام کر رہے تھے، جن میں سے27کے مارے جانے کا خدشہ ہے۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں اور آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔پولیس اور انتظامیہ کے سینئر افسران بھی جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔وہیں، تین زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔جائے حادثہ پر راحت اور امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے بالاگھاٹ کے ایس ڈی ایم کامیشور چوبے کا کہنا ہے کہ اب تک جادئے حادثہ سے 17لاشوں کو ضلع اسپتال بھیجا جا چکا ہے۔چوبے کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام ابھی جاری ہے۔