تیجسوی، تیج پرتاپ اور میسا کی جائیداد ضبط

پٹنہ 19 جون (تاثیربیورو): محکمہ انکم ٹیکس نے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کے دونوں بیٹوں نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو اور وزیر صحت تیج پرتاپ یادو کے علاوہ بیٹی میسا بھارتی رکن راجیہ سبھا اور ان کے شوہر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کی جائیداد ضبط کرلی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے بے نامی جائیداد معاملے میں یہ کارروائی کی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ کارروائی دہلی میں ہوئی ہے۔ اس کے پہلے محکمہ انکم ٹیکس نے متعلقہ فریقوں کو نوٹس جاری کر کے ان سے جواب مانگا تھا۔ محکمہ نے میسا بھارتی اور ان کے شوہرشلیش کو نوٹس جاری کر کے پوچھ تاچھ کیلئے بلایا بھی تھا۔ لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے تھے تو ان پر جرمانہ لگاتے ہوئے دوبارہ حاضری کیلئے سمن جاری کیا تھا لیکن اس کے بعد بھی یہ لوگ حاضر نہیں ہوئے تو محکمہ انکم ٹیکس نے ان کے خلاف یہ کارروائی کی ۔