ثانیہ کو باہر کرکے بوپنا کی جوڑی سیمی فائنل میں

پیرس، 6 جون (یو این آئی) ہندوستان کے مردوں کے ٹاپ ڈبلز کھلاڑی روہن بوپنا اور گیبریل ڈابرووسکي کی جوڑی نے ہم وطن اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ایوان ڈوڈگ کی دوسری سیڈ جوڑی کو الٹ پھیر کا شکار بنا کر فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈ ڈبلز سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ہے ۔ٹورنامنٹ میں ساتویں سیڈ بوپنا اور ان کے کناڈیائی جوڑی دار ڈابرووسکي نے ثانیہ۔ڈوڈگ کی خود سے اوپر کی سیڈ جوڑی کو صرف 52 منٹ کے کھیل میں کسی مشکل کے بغیر مسلسل سیٹوں میں 6-3 6-4 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل مقابلہ جیتا۔ہندوستانی کھلاڑی ثانیہ اور کروشیا کے ڈوڈگ کی جوڑی آخری آٹھ کے مقابلے میں خاص چیلنج پیش نہیں کر سکی اور ہاتھ آئے تین بریک پوائنٹس کو موقعوں میں سے صرف ایک سے فائدہ اٹھا سکی جبکہ ہندوستانی۔ کناڈیائی جوڑی نے سات میں سے تین بار ثانیہ۔ڈوڈگ کی سروس بریک کی۔بوپنا۔ڈابرووسکي نے میچ میں چھ ایس اور چھ ونرس بھی لگائے جبکہ ثانیہ۔ڈوڈگ ایک ایس ہی لگا سکے اور ایک ڈبل فالٹ بھی کیا۔ اس ہار کے بعد سابق نمبر ایک خاتون ڈبلز کھلاڑی ثانیہ کا فرنچ اوپن میں سفر یہیں ختم ہو گیا ہے ۔ وہ اس سے قبل خواتین ڈبلز کے پہلے ہی راؤنڈ میں ہار کر باہر ہو گئی تھیں۔وہیں ہندوستانی مرد کھلاڑی بوپنا کا بھی مسکڈ ڈبلز میں ہی چیلنج بچا ہے جہاں سیمی فائنل میں ان کے سامنے برطانیہ کے ڈومینک انگلوت۔سلوینیا کی آندرے جا کلیپاک اور تیسری سیڈ فرانس کے ایڈورڈ راجر ویسیلن اور چیک جمہوریہ کی آندریا لاواکووا کے درمیان ہونے والے ایک اور کوارٹر فائنل کی فاتح جوڑی سے مقابلہ ہوگا۔بوپنا اور پابلو کیوواس کی نویں سیڈ جوڑی مرد ڈبلز کے تیسرے راؤنڈ میں ہار کر باہر ہو چکی ہے جبکہ دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں میں لینڈر پیس اور ان کے جوڑی دار سکاٹ لپسکي ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں ہی ہار کر باہر ہو گئے تھے ۔ پیس مسکڈ ڈبلز میں سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ھگس کے ساتھ پہلے ہی دور میں ہار گئے تھے ۔ وہیں دیوج شرن اور پورو راجا کی جوڑی بھی باہر ہو چکی ہے اور ایسے میں فرنچ اوپن میں صرف بوپنا کے طور پر ہی ہندوستانی چیلنج بچا ہے ۔