دلت کارڈکے جواب میں اپوزیشن کھیلے گادلت خاتون کارڈ

نئی دہلی19جون(آئی این ایس انڈیا)این ڈی اے کی جانب سے صدارتی امیدوار کے طور پر بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کا نام سامنے آنے کے بعداپوزیشن کی سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار کا نام طے مانا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بی جے پی کے دلت کارڈکوکندکرنے کے لیے دلت ہونے کی وجہ سے میرا کمار کی امیدواری پکی مانی جا رہی ہے۔ساتھ ہی خاتون کارڈبھی کھیلے گا۔اپوزیشن کی جانب سے صدرامیدوار پر بحث کے لئے 22جون کومیٹنگ بلائی گئی ہے۔مانا جا رہا ہے کہ اسی اجلاس میں میرا کمار کے نام پرمہرلگ سکتی ہے۔میرا کمار پانچ بار سے ممبر پارلیمنٹ ہیں اور کانگریسی لیڈر بابو جگجیون رام کی بیٹی ہیں۔این ڈی اے کے صدر امیدوار پرردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریسی لیڈر غلام نبی آزاد نے کہاکہ بی جے پی کی جانب سے تشکیل شدہ کمیٹی کے لیڈرہم سے ملے تھے۔ہماری اس میٹنگ میں سونیا جی، میں اور لوک سبھا میں ہمارے لیڈر ملکا ارجن کھڑگے جی تھے۔ہم نے سوچا کہ ان کے پاس کوئی نام ہو گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔بی جے پی نے ہمیں کوئی امیدوار کان نام ہی نہیں بتایا تھا تو پھر بحث کیسی۔غلام نبی آزادنے کہاکہ حکومت نے اتفاق رائے سے فیصلہ نہیں لیا۔اپنا امیدوار طے کرنے کے بعد بتایا۔اس سے اتفاق کہاں بنتا ہے۔ایسے عام رائے نہیں بنتی۔یہ یکطرفہ فیصلہ ہے۔