دنگل صرف چین میں 1000کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم

ممبئی: عامر خان کی فلم دنگل کامیابی کے نئے ریکارڈ بناتے ہوئے صرف چین میں 1000 کروڑ روپے کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ہے۔ چینی ویب سائٹ مایویان کے مطابق فلم ’دنگل‘ چین میں 1000 کروڑ کمانے کے بعد ملکی سینما کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلموں میں شامل ہو گئی ہے، چین میں بھارتی فلموں کی نمائش کے کاروبار سے منسلک پرساد شیٹھی کا کہنا ہے کہ ’ چین میں فلم کی غیر معمولی کامیابی بے مثال ہے‘۔ دنگل کو 5 مئی کو چین میں 7 ہزار اسکرینز پر نمائش کیلئے پیش کیا گیا تھا اور اسے خصوصی طور پر چینی زبان میں ڈب کیا گیا ہے۔ ریلیز سے اب تک دنگل نے چینی باکس آفس پردوسری پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے جبکہ پہلے نمبر پر ہالی ووڈ فلم پائریٹس آف دی کیریبین موجود ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار عامر خان کی2014 میں ریلیز ہوئی فلم’ پی کے‘ بھی چائنا میں بہترین بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی لیکن دنگل نے پی کے کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔