دیہی سڑکوں کو شہر سے جوڑنا حکومت کی ترجیح : نتیش

پھلواری شریف، 20 جون (پرویز عالم)۔ پھلواری شریف بلاک احاطے میں تالاب کو اور پرکشش بنانے کے ساتھ ساتھ راجدھانی پارک کی طرز پر خوبصورت پارک بنایا جائے گا۔ ڈی ایس پی آفس کی تعمیرنو بھی کرائی جائے گی۔ وزیر اعلی نتیش کمار پھلواری شریف میں 12 کروڑ 15 لاکھ کی لاگت سے بنی نو تعمیر بلاک مع سرکل عمارت کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کرنے کے بعد منعقد تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ساتھ میں نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، مرکزی دیہی ترقیات کے وزیر رام کرپال یادو، دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار، ایم ایل اے شیام رجک بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ آج کا دن بڑا ہی اچھا دن ہے ۔ ریاست میں پہلے مرحلے 38 بلاک مع سرکل عمارت، دوسرے مرحلے میں 39 اور تیسرے مرحلے میں 101 عمارتوں کی تعمیر کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے پھلواری شریف کے حالیہ اور سرکل مع بلاک ہیڈ کوارٹر کی عمارت کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے محکمہ تعمیرات عمارت اور دیہی ترقیات محکمہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عمارت کو دیکھ کر کوئی نہیں کہے گا کہ یہ سرکل مع بلاک عمارت ہے۔ سی ایم نے کہا کی پٹنہ کلکٹریٹ اور ضلع پریشد کی خستہ عمارتوں کی بھی جلد ہی تعمیر کرائی جائے گی۔ ریاست کی دیہی سڑکوں کو شہر سے جوڑنا حکومت کی ترجیح ہے ۔ اس کے علاوہ سال 2018 کے دسمبر تک ریاست کے ہر گھر تک بجلی کا کنکشن پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے سات عزائم کو بہار ترقیات مشن اسکیم کے تحت اگلے چار برسوں میں مکمل کر لیا جائے گا ۔اس کے لئے ریاستی حکومت کی مشینری مشن موڈ میں کام کر رہی ہے ۔سی ایم نے کہا کہ ہمارا زور ریاست کی ہمہ جہت ترقی پر رہا ہے ۔ہماری حکومت اس سمت میں اپنے طور پر کئی منصوبے کامیابی سے چلا رہی ہے ۔انہوں تقریب میں بیٹھے مرکزی وزیر رام کرپال یادو سے کہا کہ مرکزی حکومت سے بہار کی زیر التواء منصوبہ بندی کی رقم اور بقایہ رقم دلانے میں تعاون کریں ۔