رنبیر کپور کا بالی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف

ممبئی،۱۹؍جون(پی ایس آئی)بالی وڈ میں اقربا پروری کے الزامات لگتے رہے ہیں لیکن بالی وڈ کے ایک بڑے خاندان کے فرد نے پہلی بار اس کی موجودگی کو تسلیم کیا ہے۔کپور خاندان کے نوجوان اداکار رنبیر کپور نے سنیچر کو قطرینہ کیف کے ساتھ اپنی فلم ‘جگا جاسوس’ کے پروموشن کے دوران فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کی بات تسلیم کی۔خیال رہے کہ اداکارہ کنگنا راناوت نے گذشتہ دنوں بالی وڈ میں اقربا پروری کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور رد عمل میں ان پر بھی تنقید ہوئی تھی۔ کنگنا نے کرن جوہر کے پروگرام میں اقربا پروری کا معاملہ اٹھایا تھا۔رنبیر کپور نے اس پر کھل کر جواب دیا اور کہا کہ بالی وڈ میں اقربا پروری ہے۔رنبیر کپور نے کہا: ‘یہ ہر جگہ ہے لیکن فلم انڈسٹری میں زیادہ ہے۔ میں اسے کس طرح دیکھتا ہوں اس پر اپنے خاندان کے تناظر میں ہی بات کر سکتا ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ میرے پردادا (پرتھوی راج کپور) نے سخت محنت کی تھی۔ اس محنت کی وجہ سے پیشہ ورانہ زندگی میں ان کے بچوں کو بھی مواقع ملیں۔’رنبیر نے مزید کہا: ‘میں نے بھی اپنے بچوں کے لیے سخت محنت کرنا چاہوں گا تاکہ انھیں اچھے مواقع اور پلیٹ فارم مل سکے۔ اس کے بعد پھر سب ان کی صلاحیت پر منحصر ہے۔ میں بہت ایمانداری سے کہتا ہوں کہ بالی وڈ میں اقربا پروری ہے۔’اس سے قبل بھی کئی لوگوں نے بالی وڈ میں اقربا پروری پر بات کی تھی۔ فلم رابطہ کی اداکارہ کریتی سینن نے کہا تھا: ‘اگر میں یہ کہوں کہ بالی وڈ میں اقربا پروری نہیں تو میں نابینا ہوں۔’اکشے کمار کے ساتھ اپنے فلمی کریئر کی ابتدا کرنے والی اداکارہ کیارا اڈوانی نے کہا کہ ہر جگہ کی طرح بالی وڈ میں بھی اقربا پروری ہے لیکن اس سے باہر سے آنے والوں کے لیے دروازے بند نہیں ہیں۔’اداکار سنیل شیٹی نے اس مسئلے پر کہا تھا کہ ‘تمام والدین اپنے بچوں کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔’اداکار کمل حاسن کی بیٹی شروتی حاسن نے کہا ‘اقربا پروری سکے کا ایک پہلو ہے اور سکے کے دو رخ ہوتے ہیں یعنی انڈسٹری والوں اور باہر والوں دونوں کے لیے برابر کے مواقع ہیں۔’