شاہی خاندان میں کسی کو بھی بادشاہ یا ملکہ بننے کی خواہش نہیں

لندن: شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ اس وقت برطانوی شاہی خاندان میں سے کسی کو بھی بادشاہ یا ملکہ بننے کی خواہش نہیں اور وہ لوگ اپنی ذمہ داریاں درست وقت پر ادا کریں گے۔ ایک انٹرویو میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاہی خاندان عوام کے لیے بہتر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ شہزادہ ہیری نے جریدے کو بتایا کہ وہ برطانوی شہنشاہیت کو جدت دینے کے عمل کا حصہ رہے ہیں۔ ’یہ توازن برقرار رکھنے کا ایک مشکل کام ہے۔ ہم اس کے سحر کو بھی کم نہیں کرنا چاہتے۔ برطانوی عوام اور دنیا بھر کو اس کی ضرورت ہے۔‘ اپنے اس انٹرویو میں شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی موت کے بعد ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی بات کی۔ شہزادہ ہیری جن کی عمر اپنی والدہ کی وفات کے وقت فقط بارہ سال تھی سمجھتے ہیں کہ کبھی کسی بچے کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات کے لیے جانے والے جلوس میں شرکت کرے۔ خیال رہے کہ سنہ 1997 میں جب شہزادی ڈیانا کی ہلاکت ہوئی تو پرنس ہیری نے اپنے والد، اپنے بڑے بھائی، دادی اور دادا کے ہمراہ والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی اور وہ لندن کی شاہراہوں سے گزرنے والے جلوس کا حصہ تھے۔ حال ہی میں شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ انھیں اپنی والدہ کی موت کے صدمے سے نکلنے کے لیے مدد کی ضرورت پڑی تھی۔ ان کے جنازے کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا کہ ’میری والدہ جبھی مری تھیں اور مجھے ان کے تابوت کے پیچھے بہت دیر تک چلنا پڑا جبکہ ہزاروں افراد مجھے دیکھ رہے تھے۔ میرے خیال میں کسی بھی بچے کو ایسا کرنے کے لیے نہیں کہا جانا چاہیے۔ میں نہیں سمجھتا کہ آج ایسا کچھ ہو سکتا ہے۔‘ شہزادہ ہیری نے شہزادی ڈیانا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہم دونوں بھائیوں کو عام انداز میں زندگی گزارنا سکھایا۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ حیران ہوں گے کہ انھوں نے اور ولیم نے کتنی عام زندگی بسر کی۔